دیوبند:(سمیر چودھری)یہاں اپنی رہایش گاہ پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے جمعیت کے اختلاف کے سوال پر کہاہے کہ ہمارا آپس میں کسی بھی طرح کا کوئی اختلاف نہیں ہے۔ جمعیۃ علماء ہند میں مفاہمت کے متعلق شوریٰ کے ذریعہ تشکیل کی گئی سہ رکنی کمیٹی کے سوال پر مولانا نے کہاکہ مجھے نہیں معلوم کہ شوریٰ کے ذریعہ کمیٹی تشکیل کرنے کی کیا وجہ ہے ،مجھے باہر کے لوگوں سے یہ معلوم ہواہے۔ ابھی دارالعلوم دیوبندکے مہتمم صاحب سے بھی میری اس سلسلہ میں کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔وہ کمیٹی کیوں بنائی گئی مجھے اس سلسلہ میں کچھ بھی معلومات نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہر چیز کی امید ہمیشہ برقرار ررہتی ہے۔ انہوں نے جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹر ی منتخب کئے جانے کے سوال پر کہاکہ ورکنگ کمیٹی نے یہ ذمہ داری مجھے دے دی ہے فی الحال اس پر کوئی فیصلہ نہیں لیاگیاہے۔ مدارس کھلنے کے متعلق کیے گئے سوال پر کہاکہ بڑی بڑی یونیورسٹی اورادارے ابھی بند ہیں جب وہ کھلیں گے اسی وقت مدارس بھی کھل جائیں گے ۔