جامعہ قاسمیہ، گیا کے مہتمم اور جمعیت علماء بہار کے صدر مولانا معین الدین قاسمی کا انتقال

گیا:ابھی چند دن پہلے ہی جمعیت علماء بہار کے جنرل سکرٹری الحاج حسن احمد قادری کی وفات ہوئی تھی اور اب اچانک جمعیت علماء بہار کے صدر، جامعہ قاسمیہ گیا کے مہتمم مولانا قاری معین الدین قاسمی گیاوی کا انتقال ہوگیاـ ان کی وفات کو علمی ودینی حلقوں بالخصوص جمعیت علماء کے لیے ایک بڑا سانحہ قرار دیا جا رہاہےـ وہ کئی ٹرم جمعیت علماء بہار کے صدر رہےـ جمعیت علما خصوصا مدنی خانوادے سے ان کا گہرا رشتہ تھا ـ ان کے والد مولانا فخرالدین گیاوی بھی جمعیت کے اہم ذمے دار اور مولانا حسین احمد مدنی کے خلیفہ تھے، جمعیت کا ترانہ انہی کا لکھا ہوا ہےـ مولانا معین الدین کے زمانۂ اہتمام میں جامعہ قاسمیہ گیا نے کافی ترقی کی ـ وہ ایک جید عالم و منتظم ہونے کے ساتھ ایک با فیض خطیب بھی تھے اور ان کے خطابات سے لوگ بہت فائدہ اٹھاتے تھےـ