سید غفران احمد صدر منتخب ،محمد نعم نائب صدر اور طارق امام جنرل سکریٹری بنائے گئے
ریاض: جامعہ ملیہ اسلامیہ الیومنائی ایسوسیشن ریاض نے اپنی دیرینہ روایت کو برقرار رکھے ہوئے 2023-25 کے لیے اپنے عہدیداران کا انتخاب کرلیا ہے ۔ انتخاب جمہوری طریقے سے انتہائی شفاف اور ممبران کے بھرپور شراکت کے ساتھ الیکشن کمیشن کے زیر نگرانی عمل میں آیا۔ جامعہ برادری کے درمیان مقبول اور متحرک سینئر جامعی سید غفران احمد کو بھاری اکثریت کے ساتھ صدر کے عہدے کے لیے منتخب کرلیا گیا ۔ ووٹوں کا تناسب تقریباً 70 فیصد رہا۔ 276 ممبران نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ جس میں غفران احمد کو 191 ووٹ حاصل ہوئے جب کے ان کے حریف عابد عقیل کو 85 ووٹوں پر اکتفا کرنا پڑا۔
جنرل سکریٹری کے لیے طارق امام ، نائب صدر کے لیے محمد نعیم ، جوائنٹ سکریٹری کے لیے متین عالم اور خزانچی کے لیے ہارون قاسمی بلا مقابلہ منتخب قرار دیے گئے۔ اس کے علاوہ 13 مجلس عاملہ کے اراکین کا بھی بلا مقابلہ انتخاب عمل میں آیا۔
بعد ازاں منتخب عہدیداروں کی مسند نشینی کی تقریب عمل میں آئی جس میں بڑی تعداد میں جامعہ برادری اور ریاض کی سرکردہ اور معروف شخصیات نے شرکت کی اور منتخب کابینہ کو اپنی نیک خواہشات پیش کیں ۔معروف اسکالر اور کئی کتابوں کے مصنف اور جامعہ کے سابق استاد پروفیسر سرور حسین نے جامعہ کے مقاصد اور اس کی تاریخ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ بزرگ جامعی سلمان آعظمی نے مہمان اعزازی کی حیثیت سے شرکت کی۔ الیکشن کمشنر ڈاکٹر تنصیر احمد ، مفتی شبیر ندوی اور راشد فاروق نے انتخاب اور مسند نشینی کی تقریب کی میزبانی کی۔جامعہ الیومنائی ایسوسیشن کے سابق صدور مرشد کمال ، آفتاب نظامی ، اور انیس الرحمان اہم شرکاء میں شامل رہے۔