جماعت اسلامی ہند مشرقی یوپی کے تحت ’فلسطین کے ساتھ یکجہتی‘ کے موضوع پر ویبینار

لکھنؤ: جماعت اسلامی ہند یوپی مشرق کے زیر اہتمام ’فلسطین کے ساتھ یکجہتی‘ کے عنوان پر سکریٹری جماعت اسلامی ہند ملک متصم خان کی صدارت میں ایک ویبینار کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ملک کے دانشوران و علماء شامل رہے۔ ویبینار میں حقائق و پس منظر کی روشنی میں اسرائیلی جارحیت اور اہل فلسطین کی عزیمت کو شرح و بسط سے بیان کیا گیا۔سکریٹری جماعت اسلامی ہند ملک معتصم خان نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ سرزمین فلسطین پر صرف اہل فلسطین کا حق ہے اور وہاں کے عوام کا اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ لائق تحسین و قابل فخر ہے اور اس بات کی قوی امید ہے کہ فلسطین مستقبل قریب میں ضرور کامیاب ہوں گے۔اس موقع پر ریمن میگسیسے ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر سندیپ پانڈے نے اپنے سفر فلسطین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اہل فلسطین، زندہ دل، جنگجو، عزت نفس کے پاسدار اور حوصلہ مند قوم ہے، یہی وجہ ہے کہ ایک طویل عرصے آزادئ  وطن کے لیے ان کی جد و جہد ہنوز جاری ہے۔ملکی سطح کے اس ویبینار میں امام عید گاہ لکھنؤ مولانا خالد رشید فرنگی محلی، چانسلر جامعہ سید احمد شہید مولانا سلمان حسینی ندوی، شعبہ عربی بنارس یونیورسٹی کے ہیڈ پروفیسر اشفاق احمد، سینئر ایڈوکیٹ الہٰ آباد ہائی کورٹ ایڈوکیٹ کمل کرشنا رائے، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے پروفیسر اقبال احمد اور لکھنؤ یونیورسٹی سے ڈاکٹر ایاز احمد اصلاحی نے فلسطین، حماس، اسرائیلی جارحیت، فلسطین کی موجودہ صورتحال و مستقبل کے اندیشوں پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ویبینار کی نظامت ایڈوکیٹ نجم الثاقب خان نے کی۔