Home قومی خبریں جیل میں بند ڈان اننت سنگھ کو آرجے ڈی نے دیا ٹکٹ،تیجسوی نے کبھی کہا تھا’سماج دشمن‘

جیل میں بند ڈان اننت سنگھ کو آرجے ڈی نے دیا ٹکٹ،تیجسوی نے کبھی کہا تھا’سماج دشمن‘

by قندیل

پٹنہ:اننت سنگھ ، جنہیں کبھی راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما تیجسوی یادو نے ’’سماج دشمن عنصر‘‘قرار دیا تھا ، انھیں موکاما سیٹ سے بہار اسمبلی انتخاب لڑنے کے لیے پارٹی کا ٹکٹ دیا گیا ہے۔اننت سنگھ اس وقت بہار کی بیور جیل میں غیر قانونی سرگرمیاں روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت بند ہیں۔ گذشتہ سال ان کے گھر سے AK-47 سمیت ہتھیار ملے تھے جس کی وجہ سے انھیں گرفتار کیا گیا تھا ۔ایک طویل مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے 59 سالہ اننت سنگھ کو بدھ کے روز جیل حکام نے اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کی اجازت دے دی۔ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ وہ اس انتخاب میں آر جے ڈی کا ساتھ دیں گے۔ سنہ 2015 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے موکاما سیٹ سے جیتنے والے ڈان سے سیاستدان بننے والے اننت سنگھ اس سے پہلے جے ڈی (یو) کے ساتھ تھے۔ 2015 کے انتخاب سے قبل پولیس کی ایک ٹیم نے بہار کے دارالحکومت پٹنہ کے مال روڈ پر واقع ان کی سرکاری رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا جہاںINSAS رائفل کی چھ خالی میگزین اور کچھ خون آلود کپڑے ملے تھے۔ اس وقت انھیں گرفتار نہیں کیا گیا تھا لیکن بعد میں اغوا اور قتل کے ایک الگ کیس میں جیل بھیج دیا گیا تھا۔سنگھ اپنے علاقے میں ‘چھوٹے سرکار’ کے نام سے جانے جاتے ہیں ، سنگھ تین بار کے ایم ایل اے ہیں جنہوں نے 2005 میں مکاما سیٹ سے پہلی بار کامیابی حاصل کی تھی۔ 2015 میں سنگھ نے آزاد امیدوار کے طور پر مقابلہ کیا اور 18000 سے زیادہ ووٹوں سے الیکشن جیت لیا۔بدنام زمانہ ایم ایل اے ، جو کبھی وزیر اعلی نتیش کمار کے قریبی سمجھے جاتے تھے ، ان کے خلاف 1976 سے اب تک 25 سے زیادہ مقدمات درج ہیں ، جن میں آٹھ قتل کے مقدمات بھی شامل ہیں۔ نتیش کمار ، جنہوں نے آر جے ڈی کی 15 سالہ حکمرانی کے بعد اپنی ‘صاف’ شبیہ اور امن و امان کی بہتری کے حوالے سے شہرت پائی اور محمد شہاب الدین جیسے دبنگوں کو جیل بھیجنے کا کریڈٹ لیا ہے ،وہ اننت سنگھ جیسے لوگوں کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھا سکے۔ قابل ذکر ہے کہ پچھلے سال جب انھیں جیل لے جایا جا رہا تھا اسی دوران ایک مقامی صحافی کے سوال پر انھوں نے نتیش سرکار پر تنقید کرنے کے لیے ایک ایسا جملہ کہا تھا جو سوشل میڈیا میں کافی وائرل ہوا اور وہ پورے ملک میں متعارف ہوگئے تھے۔

You may also like

Leave a Comment