جب خاندان کوچچا کی سب سے زیادہ ضرورت تھی ، تو چچا نے دھوکہ دیا:چراغ

نئی دہلی: سابق مرکزی وزیر اور لوک جن شکتی پارٹی کے بانی رام ولاس پاسوان کا یوم پیدائش پیر کو منایا گیا۔ اس موقع پر دہلی سے بہار کے مختلف اضلاع میں کئی پروگراموں کا اہتمام کیا گیا۔ پارٹی میں جاری تنازعہ کے درمیان دونوں دھڑوں نے رام ولاس پاسوان کے یوم پیدائش کو مختلف طریقوں سے منایا۔ ادھر ایک ٹی وی چینل کو دیے انٹرویو میں چراغ پاسوان نے اپنے چچا کے خلاف کئی سنگین الزامات عائد کیے ۔ چراغ پاسوان نے کہا کہ دو سال قبل میرے ایک چچا (رام چندر پاسوان )کا انتقال ہوگیا، اس کے بعد والدچل بسے ۔ اس کی وجہ سے پورے خاندان کی ذمہ داری میرے چچا پشوپتی پارس پر آگئی ، لیکن اس ذمہ داری کو بخوبی نبھانے کے بجائے انہوں نے ہمیں دھوکہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں چچا پشوپتی پارس میں اپنے والد کی جھلک دیکھتا ہوں ، لیکن انہوں نے ایسے وقت خاندان کو دھوکہ کیا جب ان کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔چراغ پاسوان نے مزید کہا کہ اس وقت خاندان میں بہت کم لوگ باقی ہیں، جو مشکل وقت میں میرا ساتھ دیتے ہیں۔ میرے چچا اور میرے بھائی مجھ سے الگ ہوگئے۔ میری صرف ایک ماں ہے ، جن کی آشیرواد مجھ پر ہے ۔ میرے والد کے جانے کے بعد وہ ڈھال کی طرح میرے پیچھے کھڑی ہے۔ چراغ پاسوان نے کہا کہ آج میں ایمانداری کے ساتھ یہ کہوں گا کہ جس طرح خاندانی گفتگو عوامی فورم میں ہورہی ہے اس سے زیادہ راحت محسوس نہیں ہوتی۔جموئی کے رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان نے دہلی میں پارٹی کے مرکزی دفتر 12 جن پتھ میں اپنے والد رام ولاس پاسوان کی برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔