اظہار رائے کی آزادی کا حق لا محدود نہیں :بامبے ہائی کورٹ

ممبئی:بامبے ہائی کورٹ نے کہاہے کہ آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت دی گئی آزادی اظہار اور تقریر کی آزادی لامحدود نہیں ہے۔عدالت نے یہ تبصرہ وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے اوران کے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے کے خلاف ٹویٹر پر قابل اعتراض تبصرے کرنے والی خاتون کو گرفتاری سے عبوری تحفظ سے انکار کرتے ہوئے کیا۔ ممبئی اور پال گھر پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیاہے۔تاہم جسٹس ایس ایس شندے اور ایم ایس کارنک کی بنچ نے ریاستی حکومت کی زبانی یقین دہانی کوقبول کیاہے کہ خاتون سنائینا ہولی کو کم از کم اگلے دو ہفتوں تک اس معاملے میں گرفتارنہیں کیا جائے گا۔ تاہم ریاستی حکومت نے کہاہے کہ اس طرح کی امداد کا انحصار پولیس اسٹیشن جانے پرہوتا ہے جب پوچھ گچھ کے لیے کہا جاتا ہے اور تفتیش میں پولیس کے ساتھ ان کاتعاون ہوتا ہے۔ممبئی کے آزاد میدان پولیس اسٹیشن اور ضلع پال گھرکے تلنج پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کیاگیاہے۔