اظہار عالم ایک ایماندار افسر اور ملت کا درد رکھنے والے انسان تھے : مولانا شمشاد رحمانی

پٹنہ :پنجاب کے سابق ڈی جی پی اور پنجاب وقف بورڈ کے چیر مین جناب محمد اظہار عالم صاحب آج مورخہ ۶؍ جولائی ۲۰۲۱ء؁ روز منگل کو مختصر علالت کے بعد موہالی کے ایک اسپتال میں رحلت فرما گئے، انا للہ و انا الیہ راجعون!آپ بہتر سال کے تھے ۔وہ بہار کے شیوہر ضلع کے رہنے والے تھے ۔انہوں نے مدرسہ اسلامیہ شمس الہدیٰ پٹنہ سے تعلیم حاصل کی تھی، وہ ایک فعال اور متحرک طالب علم تھے طالب علمی کے زمانے سے ہی آپ کے اندراعلیٰ درجہ کی انتظامی صلاحیت تھی، وہ آل بہار مدرسہ اسٹوڈنٹ یونین کے بانیوں میں سے تھے۔ آپ کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے نائب امیر شریعت حضرت مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی صاحب نے کہا کہ جناب اظہار عالم صاحب اعلیٰ درجہ کے منتظم ، ایماندار افسر اور ملت کا درد رکھنے والے انسان تھے ۔ اپنی انتظامی سروس کے دوران اپنی ذمہ داریوں کو اس خوش اسلوبی سے انجام دیا کہ حکومت کو بھی آپ کی صلاحیتوں کا معترف ہونا پڑا، حکومت نے آپ کی خدمات کے اعتراف میں پدم شری کے اعزاز سے نواز ااور رٹائرمنٹ کے بعد آپ کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے پنجاب وقف بورڈ کا چیر مین مقرر کیا۔وقف بورڈ کا چیر مین رہتے ہوئے آپ نے وقف کی املاک کے تحفظ کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ، ایسے قابل اور ایماندار افسر کا ہمارے درمیان سے اٹھ جانا یقینا بڑا نقصان ہے ، اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اورانہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے ۔قائم مقام ناظم جناب مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ جناب اظہار عالم صاحب نے پولیس کی سروس میں رہتے ہوئے بھی ملت کی خدمت کو مقدم رکھا ، اپنی ڈیوٹی ایماندار ی کے ساتھ انجام دی اور قوم کے کام بھی آتے رہے ، آپ نے پنجاب کے ڈی جی پی اور پنجاب وقف بورڈکے چیئرمین کی حیثیت سے بہت سے قابل قدر کام انجام دیے خاص طور پروقف کے املاک کا تحفظ اور ویران پڑی ہوئی مساجد کو آباد کرنے کے لیے آپ کے ذریعہ کی گئی کوششیں قابل قدر اور لائق تحسین ہیں ۔آپ اپنی بہتر خدمات کی وجہ سے جہاں عوام میں مقبول تھے وہیں دوسری جانب حکومت کے نزدیک بھی قدر کی نگاہ سے دیکھے جا تے تھے ۔حکومت نے ان کی قابل قدر خدمات کے لیے انہیں پدم شری کے خطاب سے نوازا۔ایسے قابل ، ملت کے بہی خواہ اور ایماندار افسر کا انتقال یقینا ملت کا بڑا نقصان ہے۔اللہ تعالیٰ ان کے حسنات کو قبول فرمائے اور انہیں اعلیٰ علیین میں جگہ عطا فرمائے ، ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔امار ت شرعیہ کے دیگرذمہ داران و کارکنان نے بھی ان کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور مغفرت و بلندی درجات کی دعا کی۔