اسرائیل کو تسلیم کرنے والے ممالک اپنے فیصلوں پر نظرثانی کریں:الرشق

دوحہ:اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سینئر رکن عزت الرشق نے کہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے والے ممالک اپنے اور مسلم امہ کے وسائل کو غلط مقام پر صرف کررہے ہیں۔ اسرائیل سے دوستی مسلم امہ کے مفاد کے خلاف اور اس کے وسائل کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ اسرائیل سے معمول کے مطابق تعلقات استوار کرنے والے ممالک اپنے فیصلوں پر نظرثانی کریں۔ عزت الرشق نے کہا کہ عرب ممالک کی حکومتیں اپنا اقتدار بچانے کی خاطر امریکیوں اور صہیونیوں کی کاسہ لیسی اختیار نہ کریں۔عزت الرشق نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنا عرب اور مسلم امہ کی قومی سلامتی میں اس کے حقیقی دشمن کو نقب لگانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔حماس رہنما کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت عرب اور مسلمان ملکوں کو تزویراتی گہرائی سمجھتی ہے اور تمام عرب اور مسلمان ملکوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر مساوی تعلقات کیقیام کی خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایسے تعلقات کے خواہاں ہیں جس کی بنیاد فلسطینی قوم کے حقوق اور ان کے مفاد سے وابستہ ہو۔ امریکہ میں انتظامیہ کی تبدیلی سے متعلق سوال کے جواب میں عزت الرشق نے کہا کہ امریکہ میں حکومت بدلنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ اگر آنے والا امریکی صدر جوبائیڈن موجودہ ڈونلڈ ٹرمپ کے نقش قدم پر چلا، تو اس سے فلسطینی قوم کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی تحریک آزادی کی تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ امریکہ کی ہر حکومت نے ہمیشہ صہیونی ریاست کی طرف داری کی۔

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*