قرآن کے مطالعہ سے عقل و خرد کے دروازے کھلتے ہیں اور کائنات کے رموز و نکات پر سے پردے اٹھنے لگتے ہیں۔یہ ایک ایسا سمندر ہے جس میں اگر غوطے لگائے جائیں تو موتیاں ہی موتیاں ہاتھ لگتی ہیں۔ خاص طور پر ان لوگوں کو تو اور بھی قیمتی چیزیں ہاتھ لگتی ہیں جو موجودہ تعلیمی نظام کے تحت اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے تلاش حق کی جستجو میں لگے رہتے ہیں ۔ دنیا میں ایسے بہت سے لوگ ہیں ۔ ان میں ایک مشہور ومعروف سرجن ڈاکٹر احمد عبد الحئی کے لائق و فائق فرزند ڈاکٹر محامد عبد الحئی بھی ہیں ۔ ان کا براہ راست تعلق میڈیکل سائنس سے ہے۔ لیکن اس کے ساتھ ہی انہوں نے قرآن کا بھی بہت گہرائی سے مطالعہ کیا ہے اور یہ سلسلہ ابھی جاری ہے۔حال ہی میں ان کی ایک قیمتی کتاب” اسلام کا نظریہ صحت” چھپ کر منظر عام پر آئی ہے۔اس سے پہلے اردو میں ان کی کئی اورکتابیں منظر عام پر آچکی ہیں ۔ ان میں” قرآنی حقائق اور سائنسی انکشافات”اور "قرآن کریم کا تاریخی معجزہ” شامل ہے۔ انہوں نے مجھے بھی یہ کتابیں عنایت فرمائی ہیں۔ اس کے لئے میں ان کا ممنون اور شکر گذار ہوں ۔ اللہ انہیں صحت کے ساتھ سلامت رکھے آمین ۔
"اسلام کا نظریہ صحت” 167صفحات پر مشتمل ہے۔ اس میں مختلف عنوانات کے تحت اسلام اور صحت کے تعلق سے قرآن وحدیث کے حوالے سے یہ بتایا گیا ہے کہ اسلام میں صحت کی کیا اہمیت ہے، اسلام میں صحت کی کتنی قسمیں ہیں۔ جسمانی صحت پر اسلام کے فرائض اور اسلام میں غذاؤں سے متعلق جو احکامات ہیں ان کے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ اس کے علاؤہ اسلام میں جو چیزیں ممنوع ہیں ان کے نقصان دہ اثرات اور جو چیزیں حلال کی گئی ہیں ان کے مٹبث اثرات کس طرح انسانی جسم پر پڑتے ہیں۔ علم طب کے بارے میں اسلام کا نظریہ کیا ہے۔وباؤں کے بارے میں اسلام کی تعلیمات کیا ہیں۔ اسلامی اسپتالوں کی کیا تاریخ رہی ہے اس پر بھی اس کتاب میں تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے۔ "اسلامی اسپتالوں کی تاریخ ” کے باب میں یہ بتایا گیا ہے کہ ” اسلام کے عہد وسطیٰ میں اسپتالوں اور شفاخانوں کی خوب ترقی ہوئی۔اسلامی خلفاء ،بادشاہوں ،علما و ماہرین اور اطباء نے قدیم قدیم طب کے علمی سرمایہ کو اپنے سینوں میں میں محفوظ کیا، اس پر تحقیق اور ریسرچ کیا اور اسے خوب ترقی دی۔”
۔ڈاکٹر محامد عبد الحئی نے دنیا کے عظیم طبیب ابو القاسم ، عظیم فلسفی اور ماہر طب ابن سینا ٫ علم طب کے عظیم محقق ابن نفیس اور دنیا کے عظیم ترین طبیب اور معالج ابو القاسم الزہراوی کی خدمات کا بھی اس کتاب میں تفصیل سے ذکر کیا ہے۔یہ بہت معلوماتی کتاب ہے ۔ اس میں قرآن وحدیث کے حوالے سے اسلام میں صحت کی اہمیت پر سیر حاصل گفتگو کی گئی ہے اور یہ بتایا گیا ہے کہ اسلام نے صحت کے تعلق سے ایک جامع نظریہِ پیش کیا ہے اور سماجی و مذہبی زندگی میں کوئی فرق نہیں ہے۔ڈاکٹر صاحب کہتے ہیں ” میڈیکل اور سائنٹیفک ریسرچ نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ مذہبی احکامات ،جسمانی،ذہنی اور نفسیاتی بیماریوں سے محفوظ رہنے اور ان کا علاج کرنے میں مدد کرتے ہیں”۔ اس کتاب کے مطالعہ سے ہی مجھے یہ علم ہوا کہ ” اسلامی دور کا سب سے پہلا موبائل شفاخانہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ میں غزوہِ خندق کے دوران رفیدہ الاسلمیہ بنت سعد( اسلامی تاریخ کی سب سے پہلی خاتون معالجہ) نے ایک خیمہ میں قائم کیا تھا ۔
یہ کتاب القرآن اکیڈمی پٹنہ نے شائع کی ہے ۔ اس کا انتساب انہوں نے اپنے دونوں بیٹوں عمر عبدالحئی اور انعم عبد الحئی کے نام کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں قرآن عظیم کا پڑھنے والا،سمجھنے والا،قرآن پر عمل کرنے والا اور اس کے پیغام کو دوسروں تک پہنچانے والا بںائے۔ آمین ۔اس دعا میں بڑی گہرائی اور معنویت ہے۔ ڈاکٹر محامد عبد الحئی چاہتے ہیں کہ ان کے بچے نہ صرف قرآن کریم کی تلاوت کرنے والے بنیں بلکہ اللہ انہیں قرآنی آیات پر تدبر کرنے والا اور اس کی تعلیمات کو دوسروں تک پہچانے والا بھی بنائے۔ جس خانوادے میں میڈیکل سائنس کئی نسل سے پروان چڑھ رہی اس کے کسی فرد کی سوچ قرآن کریم کے حوالے سے اتنی مضبوط ہو اور وہ اپنے بچوں کے تعلق سے یہ دعاء کرے کہ اللہ انہیں قرآن فہم اور اس کے پیغام کو عام کرنے والا بنائے تو اس سے بڑی بات اور کیا ہوسکتی ہے۔ اس کتاب کی اہمیت اس لئے بھی زیادہ ہے کہ اس میں صحت وبیماری،شفا اور علاج کے بارے میں اسلامی نظریہ پر جدید میڈیکل سائنس کی نظر سے روشنی ڈالی گئی ہے اور اس میں ا سلام کے جو احکامات ہیں مثلاً وضو، نماز ،روزہ وغیرہ اس کے جسمانی صحت پر پڑنے والے اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے ۔ زیر نظر کتاب میں 14 ابواب قائم کئے گئے ہیںِ ۔جو درج ذیل ہیں۔
1- اسلام میں صحت کی اہمیت
2-اسلام میں صحت کی مختلف قسمیں
3-اسلام کے فرائض کا جسمانی صحت پر اثر
4-اسلام میں غذاؤں سے متعلق احکام کا صحت پر اثر
5-اسلام میں بنیادی ممنوعات کا صحت پر نقصان دہ اثرات
6- ہم جنسی کے صحت پر برے اثرات
7-اسلام میں ختنہ کا حکم اور اس کے طبی (میڈیکل) فائدے
8-اسلام اور نفسیاتی صحت
9-علم طب کے بارے میں اسلام کا نظریہ
10-وباؤں (کرونا وائرس) کے تعلق سے اسلامی تعلیمات
11- اسلامی اسپتالوں کی تاریخ
12- دنیا کا عظیم ترین طبیب و معالج: ابو القاسم الزہراوی
13- اسلامی عہد کے عظیم ماہر طب اور تاریخ کے عظیم فلسفی: ابنِ سینا
14-علم طب کے عظیم مصنف اور محقق: ابنِ نفیس
اس طرح اس کتاب کو ہر لحاظ سے مفید اور کار آمد بنانے کی کوشش کی گئی ہے ۔ اس کے لئے ڈاکٹر محامد عبد الحئی مبارک باد کے مستحق ہیں ۔ نئی نسل خاص طور پر مسلم نوجوانوں کو اس کتاب کا ضرور مطالعہ کرنا چاہیئے ۔ میں ڈاکٹر محامد عبد الحئی کے اس خیال سے صد فیصد اتفاق کرتا ہوں کہ۔
” جدید علوم وفنون کو جاننا اور سمجھنا الگ چیز ہے اور اس کی گہرائی میں جاکر ریسرچ اور تحقیق کرنا الگ چیز ہے۔کوئی علم و فن ہو اگر اس کی گہرائی میں جاکر ریسرچ و تحقیق نہ کی جائے تو اس سے خاطر خواہ فائدہ نہیں اٹھایا جا سکتا ”
یہ کتاب اس خیال کی پوری عکاسی کرتی ہے۔ اللہ تعالیٰ انہیں ، ان کے بچوں اور ان کے خاندان کے تمام افراد کو اپنے حفظ واماں اور صحت کے ساتھ سلامت رکھے آمین ۔