شاہ عبد العزیز محدث دہلوی کی خدمات پر IOS کا سمینار

نئی دہلی : آج انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز نئی دہلی (IOS) کی جانب سے اس کے مرکزی کانفرنس ہال میں شاہ عبد العزیز محدث دہلوی کی علمی و دینی خدمات کے عنوان پر سمینار منعقد ہوا – افتتاحی اجلاس کا انعقاد پروفیسر محسن عثمانی کی صدارت میں ہوا – افتتاحی خطاب مولانا خالد سیف اللہ رحمانی جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے آن لائن فرمایا اور کلیدی خطاب مولانا نور الحسن راشد کاندھلوی بانی حضرت مفتی الٰہی بخش اکیڈمی کاندھلہ کا ہوا – انھوں نے شاہ صاحب کی خدمات پر بہت تفصیل سے روشنی ڈالی اور بہت قیمتی اور نادر معلومات پیش کیں –

اجلاس میں مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی ناظم ندوۃ العلماء ، مولانا کاکا سعید احمد ناظم جامعہ دار السلام عمر آباد ، مولانا شاہ ہلال احمد قادری سجادہ نشیں خانقاہ مجیبیہ پھلواری شریف بہار اور مولانا تقی الدین ندوی (ابو ظبی) کے پیغامات پیش کیے گئے – مولانا اصغر علی امام مہدی امیر جمعیت اہل حدیث ہند اور ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی صدر ادارۂ تحقیق و تصنیف اسلامی علی گڑھ و سکریٹری جماعت اسلامی ہند نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے اظہارِ خیال کیا –

ان حضرات نے شاہ عبد العزیز کی علمی و دینی خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی ، مثلاً درسِ قرآن کی مجلسوں کا انعقاد اور عوام کو قرآن سے جوڑنے کی کوشش ، تفسیر قرآن کی تالیف ، کتبِ حدیث کی تدریس اور و اجازۃ کا اہتمام ، فتاویٰ ، خاص طور سے ہندوستان کو دار الحرب قرار دینے کا فتویٰ ، ردِّ رفض و تشیّع میں ان کی تالیفات ، خاص طور پر تحفہ اثنا عشریہ ، وغیرہ – اس موقع پر تین کتابوں کا اجرا بھی عمل میں آیا :

1- دکن میں اسلامی علوم کی خدمات ، مرتبین : ڈاکٹر محمد فہیم أختر ندوی ، ذیشان سارہ ، صفحات : 478 ، قیمت : 495 روپے –

2 – جامع مسجد گیان واپی اور بنارس کی دیگر تاریخی مساجد ، مولانا عبد الحمید نعمانی ، صفحات : 166 ، قیمت : 195 روپے

3 – آئی او ایس کا ترجمان شش ماہی مطالعات نئی دہلی (شمارہ 60 ,61) حدیث نمبر –

افتتاحی اجلاس کے کنوینر شاہ اجمل فاروق ندوی انچارج علمی امور آئی او ایس تھے تھے۔ مقالات کے اجلاس آج اور کل آن لائن ہوں گے – اختتامی اجلاس کل سہ پہر میں ہوگا ، ان شاء اللہ