Home قومی خبریں آٹھویں امیر شریعت کے انتخاب کے لیے۸؍اگست کی تاریخ ملتوی،نائب امیر شریعت نے کیا اعلان

آٹھویں امیر شریعت کے انتخاب کے لیے۸؍اگست کی تاریخ ملتوی،نائب امیر شریعت نے کیا اعلان

by قندیل

پھلواری شریف (پریس ریلیز):امارت شرعیہ بزرگوں کی امانت اورملت کا صدسالہ سرمایہ ہے ،اس کا استحکام اس کی وحدت اور اس کی عظمت ووقار کا خیال میرامنصبی فریضہ ہے ،اس کی تعمیر وترقی اورفروغ ووسعت کی راہیں تلاش کرنا میری ذمہ داری ہے ،جس سے کسی حال میں مفر نہیں ،اپنی ساری توانائی اورصلاحیتیں صرف کرکے آگے بڑھانا میرااولین اورمقدم عزم اورمنصوبہ ہے ،ان خیالات کا اظہار امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈ کے نائب امیر شریعت مولانا محمد شمشاد صاحب رحمانی قاسمی ا ستاذ حدیث دارالعلوم وقف دیوبندنے اپنے ایک بیان میں کیا،انہوں نے کہا کہ امارت شرعیہ سے منسلک ریاستوں کے مسلمانوں کے علمی ،شرعی ،تعلیمی اور معاشی مسائل کے حل کی طر ف باہم مل جل کر بڑھنا وقت کا تقاضہ ہے ،اورامارت شرعیہ کے تمام کارکنان ،اراکین،اورمخلصین ومحبین کوساتھ لیکر سماجی وملی منصوبوں کی تکمیل میری اولین ذمہ داری ہوگی۔
امارت شرعیہ کے ساتویں امیر شریعت مفکر اسلام حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے میرے کندھوں پر جو ذمہ داری دی ہے، میں اس کو حتی الوسع پوری یکسوئی اوراخلاص کے ساتھ انجام دینا لازم سمجھتاہوں ،ان کے وصال کے بعد آٹھویں امیرشریعت کا انتخاب اب تک ہوجانا تھا لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے مجلس شوریٰ کی اجازت کے بعد اب تک یہ عمل انجام نہیں پاسکا، انتخاب امیر کے لیے ۸؍اگست ۲۰۲۱ء کی تاریخ باہم مشورہ سے طے کردی گئی تھی اور اس سمت میں اقدام بھی شروع ہوگئے تھے،لیکن بعض علاقوں مثلاً اڈیشہ ،رانچی وغیرہ میں اتوار کو بھی لاک ڈاؤن رہنے اورکچھ ارکان شوریٰ وعاملہ کی طرف سے آنے والے مشورے کی وجہ سے اب یہ تاریخ ملتوی کی جاتی ہے ،ان شاء اللہ آئندہ حالات کونظر میں رکھتے ہوئے حسب دستورانتخاب امیر کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

You may also like

Leave a Comment