انسٹاگرام پر مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش ، پولیس نے مقدمہ درج کیا

نئی دہلی: دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے ایک نامعلوم شخص کے خلاف انسٹاگرام پرمختلف مذاہب کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی کوشش کرنے پر ایف آئی آر درج کی ہے۔ پولیس نے بتایاہے کہ اس معاملے میں انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مختلف مذاہب کے سربراہوں کے خلاف توہین آمیز تبصرے کرنے کا الزام عائد کیا گیاہے۔شکایت کنندہ نے اپنی شکایت میں گوگل اور انسٹاگرام کے خلاف بھی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے کہ انسٹاگرام اکاؤنٹ کس کا ہے اور کون اسے سنبھال رہا ہے۔متعلقہ پولیس افسر نے بتایاہے کہ اس معاملے میں مذہب کی بنیاد پر مختلف گروہوں کے مابین دشمنی کو فروغ دینے کے لیے آئی پی سی کی دفعہ 153 اے کے تحت منگل کو ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔