نئی دہلی :ممبئی میں ہفتہ سے شروع ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اس سال شائقین کو اسٹیڈیم میں بیٹھ کر میچوں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھیں گے۔منتظمین نے بدھ کو کہا کہ اسٹیڈیم کی کل گنجائش کا 25 فیصد شائقین کے داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔آئی پی ایل 2022 کے پہلے میچ میں ہفتہ کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں دفاعی چمپئن چنئی سپر کنگز کا مقابلہ کولکاتہ نائٹ رائیڈرز سے ہوگا۔آئی پی ایل کی ایک ریلیز میں کہا گیا ہے کہ آئی پی ایل کا یہ میچ بہت خاص ہو گا کیونکہ کورونا کی وجہ سے ایک وقفے کے بعد شائقین کو دوبارہ اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ ریلیز کے مطابق ممبئی، نوی ممبئی اور پونے کے اسٹیڈیم میں میچ کھیلے جائیں گے، جس میں کورونا پروٹوکول کے مطابق اسٹیڈیم کی گنجائش کا 25 فیصد لوگ اسٹیڈیم میں بیٹھ کر میچ دیکھ سکیں گے۔آئی پی ایل میں دو نئی ٹیم لکھنؤ سپر جائنٹس اور گجرات ٹائٹنس کے شامل ہونے سے اس سیزن میں کل 74 میچ ہوں گے۔لیگ مرحلے کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت بدھ سے شروع ہوگئی۔