امارت شرعیہ،مدھوبنی کے ذمے داران کی میٹنگ،بنیادی دینی تعلیم عام کرنے پر زور

 

مدھوبنی:امارت شرعیہ ملک کی ایک ایسی منفرددینی ،ملی اورفلاحی تنظیم ہے ، جو اتحاد ، تعلیم کی اشاعت ، انصاف کو عام کرنے اور اصلاح معاشرہ کے ساتھ مخلوق خدا کی خدمت کا کام پوری ذمہ داری کے ساتھ انجام دے رہی ہے ، جس کا ماضی روشن، حال تابناک اور مستقبل امید افزا ہے، امارت شرعیہ کی خدمات کا دائرہ شہر سے لے کر دیہات تک پھیلا ہو ا ہے ۔ ان کاموں کی روشنی ہر مسلم آبادی تک پہونچانے اور اس کو عملی شکل دینے کے لیے گاؤں گاؤں میں امارت شرعیہ کے نقباء کے علاوہ ضلع ، بلاک اور پنچایت کی سطح پر تنظیم امارت شرعیہ کی کمیٹیاں بھی قائم ہیں ،آج مورخہ 17دسمبر 2020کو ضلع مدھوبنی کی ضلع و بلاک کمیٹیوں کے ذمہ داران کی ایک میٹنگ جامع مسجد شکری میں مفتی محمد سہراب ندوی نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف ، پٹنہ کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔میٹنگ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ، میٹنگ میں اپنی افتتاحی گفتگو کرتے ہوئے نائب ناظم صاحب نے کہا کہ اس وقت امارت شرعیہ مولانا سید محمد ولی رحمانی کی امارت قیادت اور ان کی فکرمندی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور حالات و تقاضے کے مطابق ملت کی تعمیر و ترقی کے کام کو آگے بڑھایا جا رہا ہے ، امیر شریعت کی ہدایات کو عملی شکل دینے میں امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی شب ور وز لگے رہتے ہیں۔ اس وقت تنظیم امارت شرعیہ کا استحکام اور مسلمانوں کی ہر آبادی میں دینی تعلیم کے نظام کا قیام امارت شرعیہ کے ترجیحی ایجنڈے میں شامل ہے۔حال ہی میں امارت شرعیہ کی مجلس عاملہ نے فیصلہ کیا ہے کہ بنیادی دینی تعلیم کو عام کرنے کی زمینی سطح پر تحریک چلائی جائے ، مجلس عاملہ کی تجویز کی روشنی میں شرکاءمیٹنگ نے یہ عزم کیا کہ وہ ایک مہینہ کے اندر تنظیم امارت شرعیہ کے بقیہ کاموں کے مکمل کرنے کے ساتھ دینی مکاتب کے قیام کے لیے آبادیوں کے سروے کا کام بھی پورا کریں گے ، پوری مستعدی کے ساتھ اپنے بلاک میں خود کفیل نظام تعلیم کو عملی طور پر زندہ کریں گے اور آبادی میں اس کی تحریک چلائیں گے۔ میٹنگ میں ان بلاکوں کے لیے ذمہ داروں کا انتخاب بھی ہوا ، جہاں کے ذمہ دار وفات پاگئے تھے یا جہاں ذمہ دار کے اضافہ کی ضرورت تھی، موجودہ حالات میں ملت کے سامنے جو مسائل و مشکلات آتے ہیں ، شرکائ حضرات نے اپنے حلقے میں انہیں اپنے طور پر حل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ۔میٹنگ میں برادران وطن سے خوشگوار تعلقات رکھنے اور انہیں اسلامی اخلاق سے واقف کرانے کی کوشش کو فروغ دینے کی تجویز منظور ہوئی۔میٹنگ میں 21بلاک کے ذمہ داران اور ضلع کمیٹی کے ذمہ داران کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تمام شرکا نے امیر شریعت کے پیغام اور ان کی ہدایات کی روشنی میں اپنے اپنے حلقوں میں کام کرنے کا عزم دہرایا ۔میٹنگ کے نظم وانتظام اور میٹنگ میں نظامت کی ذمہ داری مولانا مفتی مہتاب عالم سکریٹری بلاک پنڈول نے ادا کی ۔ مہمانوں کی ضیافت کا نظم جناب ڈاکٹر شکیل صاحب لائف کیئر ہاسپیٹل کی طرف سے ہوا۔