اگر بدعنوانی کا کوئی الزام ثابت ہوتا ہے توخودکو پھانسی دے دوں گا: ابھیشیک بنرجی

کولکاتہ:وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے بھتیجے اورترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر ابھیشیک بنرجی نے اتوارکوکہاہے کہ اگر کوئی مرکزی ایجنسی کسی غیر قانونی لین دین میں اس کے ملوث ہونے کا ثبوت دیتی ہے تو وہ خود کو پھانسی دے دیںگے۔مبینہ کوئلہ گھوٹالہ کیس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سامنے پیش ہونے کے لیے نئی دہلی روانہ ہونے سے پہلے کولکاتہ ہوائی اڈے پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ابھیشیک بنرجی نے بی جے پی پر ریاستی اسمبلی انتخابات ہارنے کے بعد سیاسی انتقام کا الزام لگایا۔ترنمول کانگریس لیڈر نے کہاہے کہ جیسا کہ میں نے نومبر میں عوامی جلسوں میں کہا تھا ، میں نے دہرایا کہ اگر کوئی مرکزی ایجنسی 10 پیسے کے بھی غیر قانونی لین دین میں میری شمولیت ثابت کر سکتی ہے تو سی بی آئی یا ای ڈی کی کوئی تحقیقات کی کوئی ضرورت نہیں ، میں خود کو لٹکا دوں گا۔ابھیشیک بنرجی کو مغربی بنگال میں مبینہ کوئلہ اسکام سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں 6 ستمبر کو تفتیشی افسر کے سامنے نئی دہلی میں پیشی کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ابھیشیک بنرجی نے کہاہے کہ میں کسی بھی قسم کی تحقیقات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں۔انہوں نے کہاہے کہ معاملہ کولکاتہ کا ہونے کے باوجود انہیں نئی دہلی بلایا گیا۔ابھیشیک بنرجی نے الزام لگایاہے کہ انتخابات ہارنے اور ترنمول کانگریس سے سیاسی طور پر نمٹنے میں ناکامی کے بعد ، وہ (بی جے پی) اب بدلہ لیناچاہتے ہیں۔