نئی دہلی: دعوت نگر، ابو الفضل انکلیو میں ادارہ ادب اسلامی حلقہ دہلی کی ماہانہ شعری نشست کا انعقاد یا گیا، جس کی صدارت پروفیسر خالد محمود نے فرمائی اور دہلی اردو اکیڈمی کے وائس چیئرمین پروفیسر شہپر رسول بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ نشست میں پچیس سے زائد شعرا نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ پروگرام کے آغاز میں تلاوت کلام کے بعد حلقہ ادب اسلامی دہلی کے سیکریٹری عرفان وحید نے نو منتخبہ ذمہ داران کا اعلان کیا اور امید ظاہر کی کہ ادارے کے تحت ادبی و علمی سرگرمیوں میں باقاعدگی آئے گی۔ ملحوظ رہے کہ گذشتہ دنوں ادارے کا انتخاب عمل میں آیا تھا جس میں ڈاکٹر خالد مبشر صدر، حامد علی اختر نائب صدر، عرفان وحید سکریٹری، دلشاد حسین فلاحی نائب سکریٹری اور تنویر آفاقی خازن منتخب ہوئے تھے۔اس موقع سے مہمانان خصوصی کے ہاتھوں ادارہ ادب اسلامی حلقہ دہلی کے وہاٹس ایپ گروپ ”ادب دریچہ“ کی رونمائی بھی عمل میں آئی۔اپنے خطبہئ صدارت میں پروفیسر خالد محمود نے نوجوان شعرا کی صلاحیت کو سراہا اور انھیں اردو کے روشن مستقبل کا ضامن قرار دیا۔ مشاعرے کی نظامت نوجوان شاعر سفیر صدیقی نے کی اور اظہار تشکر دلشاد حسین اصلاحی نے پیش کیا۔ اس تقریب میں مشہور ناول نگار و صحافی ڈاکٹر سلیم خان، ڈاکٹر وقار انور، ڈاکٹر نعمان قیصر، ڈاکٹر فیضان شاہد اور ڈاکٹر محمد عارف کے علاوہ علاقے کی سرکردہ شخصیات شریک تھیں۔