ادارہ دعوۃ الحق مادھو پور، سیتامڑھی میں اسلامک فقہ اکیڈمی کے دو روزہ فقہی سمینار کا آغاز

افتتاحی نشست میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، مفتی عبیداللہ اسعدی، مولانا عتیق بستوی سمیت سرکردہ علما کی شرکت

سیتامڑھی (پریس ریلیز): اسلامک فقہ اکیڈمی (انڈیا) کے زیر اہتمام آج شام بعد نمازِ مغرب ادارہ دعوۃ الحق مادھو پور سلطان پور میں "ہندوستان کی دینی جامعات میں فقہ مقارن کی تعلیم.ضرورت واہمیت” کے عنوان پر دو روزہ فقہی سیمینار کا آغاز ہوا-
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ و اسلامک فقہ اکیڈمی کے جنرل سکریٹری مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے اپنے صدارتی خطاب میں علما کے مابین اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اہل علم کی ذمے داریاں اب مزید بڑھ گئی ہیں،عوامی سطح پر علما کو آگے آنا ہوگا اور ملت کی صحیح رہبری کرنی ہوگی ـ انہوں نے کہاکہ اسلامک فقہ اکیڈمی کا ایک طرح سے آغاز بہار سے ہی ہوا ہے ـ انہوں نے فقہ کے باریک مسائل پر جامع و فکر انگیز خطاب کیا-
مشہور عالم دین مولانا ثمین اشرف قاسمی نےاستقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے فضلا اور مفتیان کرام کی خاص نظر اجتہاد،استنباط، ادلہ شرعیہ سے استدلال کے آداب پر مرکز ہونی چاہیے ـ آج کا یہ سمینار ہندوستان کی دینی جامعات میں فقہ مقارن کی تعلیم ضرورت واہمیت کے عنوان پر اسلامک فقہ اکیڈمی نے منعقد کیا تاکہ ہمیں فقہ اسلامی اور فقہاے کرام کی فقہی خدمات سے واقفیت ہو اور فقہ مقارن کی اہمیت معلوم ہونے کے ساتھ اس کی تدریس کے مؤثر طریقے سے واقفیت ہو- مولانا عتیق احمد بستوی استاذ حدیث وفقہ دارالعلوم ندوۃ العلما لکھنؤ نے کہاکہ ہمارےبزرگوں نے مختلف حالات میں دوسرے مسالک سے استفادہ کیا ہےـ اس موضوع کے حوالے سے ہمارے طلبا کو جانکاری ہونی چاہیےـ مولانا عبیداللہ اسعدی شیخ الحدیث جامعہ عربیہ ہتھوڑا باندہ نے فقہ پر مختصر مگر جامع خطاب کیاـ انہوں نے کہاکہ امت کا اختلاف رحمت ہےـ مولانا رزین اشرف ندوی شیخ الحدیث دارالعلوم نظامیہ صوفیہ پونہ نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ فقہ اسلامی چاہے وہ جس مسلک کا بھی ہو یہ تمام اسلامی فقہ ہیں ـ مقررین کے خطابات سننے سے فقہ کی اہمیت کا احساس ہوتا ہےـ ہمارے اکابرین کا سایہ ہمارے لیے قیمتی اثاثہ ہے ـ
افتتاحی نشست کی صدارت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی اور نظامت مولانا صفدر زبیر ندوی انچارج شعبہ علمی اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا نے کی، ناظم ادارہ دعوۃ الحق مادھوپور مولانا لبیب اشرف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامک فقہ اکیڈمی کے زیر اہتمام اس سیمینار کا ادارہ دعوت الحق میں انعقاد خوش آیند ہےـ مقالہ نگار اور علما کی آمد ہوچکی ہےـ سیمینار کماحقہ کامیابی سے ہمکنار ہوگا ان شاء اللہ ـ علاقائی لوگوں کا جم غفیر ہے ،جبکہ علاقائی علما کی سیمینار کیلئے خصوصی دلچسپی فقہ کے تئیں لگاؤ کا مظہر ہے، اس موقعے پر مولانا عارف باللہ قاسمی، مفتی ثناء الہدی قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ، قاضی محمد عمران قاسمی شیخ الحدیث دارالعلوم بالاساتھ، مفتی خالد نیموی بیگو سراۓ، مولانا منور سلطان ندوی استاذ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ، مولانا امتیاز قاسمی سمیت اطراف کے علماے کرام اور مقالہ نگار حضرات بڑی تعداد میں موجود رہےـ