حیدرآباد بلدیاتی الیکشن:اویسی کا بی جے پی کو چیلنج،نریندر مودی کو بھی آزمالیں!

حیدرآباد:گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) انتخابات کو لے کر سیاسی تنازعہ انتہا پرہے۔ دریں اثنا حیدرآباد کے ایم پی اور آل انڈیامجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے چیف اسد الدین اویسی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈروں کوچیلنج کیا ہے کہ وہ اپنے اسٹار وزیر اعظم نریندر مودی کی انتخابی مہم چلائیں۔ اس کی کوشش کریں اور دیکھیں کہ اس شہر میں بی جے پی کتنی سیٹیں جیتتی ہے۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق انتخابی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اویسی نے کہاہے کہ آپ نریندر مودی کو پرانے شہر لائیں اورمہم چلائیں۔آئیے دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔ یہاں ان کے جلسوں اور ریلیوں کااہتمام کریں۔ ہم دیکھیں گے کہ آپ کتنی نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہیں؟ اویسی نے مزیدکہاکہ یہ بلدیاتی انتخابات ہیں،پھر بھی وہ ترقی کی بات نہیں کریں گے۔ حیدرآباد ایک ترقی یافتہ شہر بن گیا ہے ، بہت ساری ایم این سی قائم کی گئی ہیں ، لیکن بی جے پی حیدرآباد برانڈ نام کو نیچے لاکر اسے ختم کرنا چاہتی ہے۔ اس کے علاوہ بی جے پی بھی ووٹرزکے پولرائزیشن کے لیے کام کر رہی ہے۔ اس کے لیڈران گریٹر حیدرآباد کے پرانے شہر میں سرجیکل اسٹرائیک کی بات کر رہے ہیں۔