حکومت نے کورونا کے اعداد و شمار کو پروپیگنڈہ کا ذریعہ بنایا:پرینکاگاندھی

نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے پیر کو حکومت پر کورونا وائرس سے متعلق اعداد و شمار چھپانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی جان بچانے کے بجائے حکومت اورلیڈران کی شبیہ کو بچانے کے لیے پروپیگنڈہ کے طور پر استعمال کیا گیا۔ انہوں نے حکومت سے سوال کرنے کی اپنی سیزیر’ذمہ دار کون‘ سلسلے کے تحت کی گئی فیس بک پوسٹ میں اترپردیش کے متعدد اضلاع میں شمشان گھاٹ اور قبرستانوں میں ہونے والی آخری رسومات سے متعلق تعدادا کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ملک کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست میں اعداد و شمار کو چھپایا گیا ہے۔کانگریس کی اتر پردیش انچارج نے کہاکہ کورونا وبا میں لوگوں نے حکومت سے اعداد و شمار کی شفافیت کی ضرورت کو واضح کیا تھا۔ یہ اس لئے ضروری ہے کیونکہ اعداد و شمارسے پتہ چلتاہے کہ بیماری کا پھیلاؤ کیا ہے، انفیکشن کہاں ہے، کون سے مقامات کوسیل کرنا چاہیے یا کہاں جانچ میں اضافہ کرنا چاہیے ۔ اس پر عمل نہیں کیا گیا۔ کون ذمہ دار ہے؟ ۔انہوں نے دعوی کیاکہ آج بھی کل ویکسینیشن کے اعدادوشمار کی جو تعداد دی جارہی ہے وہ آبادی کا تناسب نہیں ہے اور اس میں پہلی اور دوسری خوراکیں ساتھ جوڑ کر بتائی جارہی ہیں۔ یہ اعداد و شمار کا جادو ہے۔