حکومت کسانوں کے مفاد میں کام کر رہی ہے،بہکاوے میں نہ آئیں کسان:یوگی آدتیہ ناتھ

لکھنؤ:یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ملک میں کسانوں کی زرعی اصلاحات کے دو اہم بلوں کا خیرمقدم کیا ۔اس دوران وزیراعلی نے کہا کہ یہ بل زراعت کے شعبے میں ایک جامع تبدیلی لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قراردادوں کی عکاسی ان بلوں میں دیکھی جاسکتی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ بل کسان بہنوں اور بھائیوں کے مفادات کا تحفظ کرے گا۔ نیز یہ دونوں بل زراعت اور کسانوں کے مفاد میں ہیں۔ ان سے کسانوں کی آمدنی بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ اب کاشتکاروں کو قانونی پابندیوں سے آزادی ملے گی۔ نیز کھیتی باڑی میں نجی سرمایہ کاری تیزی سے ترقی کا باعث بنے گی اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ زرعی شعبے کی مستحکم معیشت کی وجہ سے ملک کی معاشی حالت بھی مستحکم ہوگی۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ موجودہ مرکزی اور ریاستی حکومت کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے تیزی سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کسان بہنوں اور بھائیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ لوگوں کو کسانوں کی ترقی پسند نہیں ہے۔ یہ وہی لوگ ہیں جو پچھلے 6-7 دہائیوں سے کسانوں کو محض ووٹ بینک سمجھتے تھے۔