حکومت ’کورونا واریئرز‘ کی اتنی توہین کیوں کررہی ہے؟:راہل گاندھی

نئی دہلی:کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کورونا وائرس کے متاثرین اورجان گنوانے والے ہیلتھ وکررزکا ریکارڈ حکومت کے پاس دستیاب نہ ہونے سے متعلق خبر کو لے کر جمعہ کو حکومت کو نشانہ بنایا اور سوال کیا ہے کہ کورونا واریئرز کی اتنی توہین کیوں کی جارہی ہے؟انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے ایک خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ مودی حکومت کے تھالی بجانے، چراغ جلانے سے زیادہ ضرور ی ہے کہ کورونا متاثرین اور کورونا ہیلتھ ورکرز کی حفاظت کی جائے۔ مودی سرکار کورونا واریئرز کی اتنی توہین کیوں کررہی ہے؟ کانگریس کے رہنما نے جو خبر شیئر کی ہے اس کے مطابق وزارت صحت کے پاس کورونا وائرس سے متاثر ہیلتھ ورکرز اور مرنے والے ہیلتھ ورکرز کا ڈیٹا موجود نہیں ہے۔اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مرکزی وزیر مملکت برائے صحت و خاندانی بہبود اشونی کمار چوبے نے راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں کہاکہ صحت ریاست کا مسئلہ ہے۔ اس طرح کے اعداد و شمار مرکزی سطح پر وزارت صحت نہیں رکھتی ہے۔