ہندوستانی زائرینِ حج کی تمام درخواستیں مسترد کر دی گئیں،اس سال صرف سعودی شہریوں کو حج کی اجازت

نئی دہلی: فریضہ ٔ حج کی ادائیگی کے لئے پیش کی جانے والی ہندوستانی زائرین کی تمام درخواستیں مسترد کردی گئی ہیں۔ حج کمیٹی کے حوالے سے اس کی اطلاع دی گئی ہے ۔ حج کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب حکومت نے اپنے بیان میں یہ واضح کردیا ہے کہ کرونا کے باعث اس سال صرف سعودی شہری اور مقیمین ہی فریضۂ حج انجام دے سکیں گے ۔ اس صورتحال میں دیگر ممالک کے حجاج کرام کی درخواست منسوخ کردی گئی ہے ۔ سعودی عرب کے اس فیصلے کے بعدحج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2021 کے لئے تمام درخواستیں منسوخ کردی ہیں۔ واضح ہو کہ دو دن قبل سعودی عرب کی متعلقہ وزرات نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ کرونا وائرس کے وبا کی وجہ سیاس سال 60 ہزار سے زیادہ افراد کو حج کی اجازت نہیں ہوگی ،اور صرف مقامی افراد ہی حج ادا کرسکیں گے۔سعودی عرب نے تصدیق کی ہے کہ حجاج کرام کی صحت اور متعلقہ ممالک کے تحفظ کے بارے میں مشاورت جاری رکھنے کے بعد اس کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پچھلے سال صرف ایک ہزار افراد ، جوپہلے سے ہی سعودیہ عرب میں مقیم تھے ، انہیں فریضۂ حج کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ عمومی حالات میں ہر سال تقریباً 20 لاکھ مسلمان فریضہ حج ادا کرتے ہیں۔