Home قومی خبریں ہندوستان کی سیاحت و ثقافت ہر دور میں عربوں کی توجہ کا مرکز رہی ہے: پروفیسر عبد الماجد قاضی

ہندوستان کی سیاحت و ثقافت ہر دور میں عربوں کی توجہ کا مرکز رہی ہے: پروفیسر عبد الماجد قاضی

by قندیل

نئی دہلی (حسان انور): جامعہ ملیہ اسلامیہ کے صد سالہ تقریبات کے سلسلہ میں جامعہ ٹیچرز ایسو سی ایشن اور قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے اشتراک و تعاون سے شعبہ عربی کے زیر اہتمام کثیرجہتی بین الاقوامی کانفرنس کی دو نشستیں آج پروفیسر عبد الحلیم ندوی لائبریری میں ’ہندوستا ن اور اس کی ثقافت: اردو عربی اور فارسی زبان کے حوالے سے‘ کے مرکزی موضوع پر منعقد ہوئیں۔ پروفیسر حبیب اللہ خاں اور پروفیسر رضوان الرحمن نے پہلی نشست کی مشترکہ صدارت کی۔ اس نشست میں ’عربی ادب میں جدید ہندوستان ‘ ’حسین ہیکل کی تحریروں میں ہندوستا نی ثقافت کی خصوصیات‘ ’ابن بطوطہ کے سفرنامہ میں ہندوستا نی ثقافت‘ ’شیخ علی طنطاوی کی تصنیفات میں ہندوستا ن اور اس کی ثقافت‘ ’بعض عربی ادب میں ہندوستا نی سماج و ثقافت کی جھلکیاں‘ جیسے موضوعات پر بالترتیب پروفیسر عبد الماجد قاضی ڈاکٹر مجیب اختر ڈاکٹر محمد اکرم ڈاکٹر محفوظ الرحمن اور ڈاکٹر محمد سلیم کی جانب سے مقالے پیش کئے گئے۔ جبکہ پروفیسر محمد ایوب ندوی اور پروفیسر عبد الماجد قاضی نے دوسری نشست کی مشترکہ صدارت کی۔ اس نشست میں ’شوقی کی شاعری میں ہندوستانی شخصیات‘ ’عرب کے قدیم سفرناموں میں ہندوستان کا تذکرہ‘ ’سعداوی کے سفرنامہ میں ہندوستانی خواتین کی عکاسی‘ ’ابراہیم جبرا کی تحریروں میں ہندوستا نی ثقافت کا پرتو‘ ’عبودی کا سفرنامہ ہند‘ جیسے موضوعات پر بالترتیب ڈاکٹر نسیم اختر ڈاکٹر حسنین اختر ڈاکٹر زر نگار ڈاکٹرعظمت اللہ اور ڈاکٹر فوزان احمد نے مقالے پیش کئے ۔ اس کے بعد صدر باوقار پروفیسر عبد الماجد قاضی نے اپنے صدارتی خطبہ میں مقالہ نگاروں کی عرق ریزی کو سراہا ۔ ساتھ ہی اس امر کی طرف توجہ دلائی کہ عرب سیاحوں نے ہر دور میں اپنے سفرناموں میں ہندوستا ن کی سیاسی سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کو موضوع بحث بنایا۔تاہم اس کے جواب میں ہندوستا نی مؤرخین کی جانب سے اس سلسلہ میں کچھ خاص فراخدلی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا۔ دریں اثنا تمام مقالہ نگاروں کوموقر شخصیات کے ہاتھوں سند شرکت برائے مقالہ نویسی سے نوازا گیا۔ پروگرام کے اخیر میں شعبہ عربی کی اسکالر ارم زہراء رضوی نے تمام حاضرین اور منتظمین خاص طور پر جامعہ ٹیچرز ایسو سی ایشن کے جنرل سکریٹری پروفیسر ماجد جمیل اور ر قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر شیخ عقیل احمد کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر جامعہ ملیہ اسلامیہ کے علاوہ جواہر لعل نہرو یونیورسٹی اور دہلی یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ وطالبات کافی تعداد میں موجود رہے۔

You may also like

Leave a Comment