Home تجزیہ ہنڈن برگ کا نیا انکشاف اور سیاسی گھمسان-شکیل رشید

ہنڈن برگ کا نیا انکشاف اور سیاسی گھمسان-شکیل رشید

by قندیل

(ایڈیٹر ممبئی اردو نیوز)

امریکی شارٹ سیلر کمپنی ’ ہنڈن برگ ریسرچ ‘ نے ایک روز قبل جو دھماکہ کیا ہے ، اس نے ہندوستان بھر میں ایک ہنگامہ کھڑا کر دیا ہے ۔ ہنگامہ بھی کوئی ایسا ویسا نہیں ، اپوزیشن بالخصوص کانگریس نے حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹ ( بی جے پی ‘ کے خلاف آستینیں چڑھا لی ہیں ، اور بی جے پی اپنے پُرانے ہھتکنڈے پر اُتر آئی ہے ، یعنی لگنے والے الزامات سے بچنے کے لیے کانگریس پر ملک سے نفرت کا الزام جڑ دیا ہے ۔ سیاسی گلیاروں میں ہنگامہ ہی ہنگامہ ہے ، اور اس ہنگامے کے بیچ SEBI کی ساکھ متاثر ہوئی ہے ، اور اس کی چیئر پرسن مدھابی پوری بچ الزامات سے بچنے کے لیے ایسے بیانات دیتی گھوم رہی ہیں جو انہیں مزید شک و شبہے میں ڈال رہے ہیں ۔ شیئر مارکیٹ اوپر نیچے ہو رہی ہے ، اور اس سارے قضیے کا ، اس کے ایک بنیادی کردار گوتم اڈانی کی ایمپائر پر منفی اثر پڑا ہے ، ان کی کمپنیوں کے حصص یعنی شئیرز میں آٹھ فیصد کی گراؤٹ آئی ہے ۔ ہفتے کے روز ’ ہنڈن برگ ‘ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ ایکس ‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعے ’ ہندوستان میں کچھ نئے ‘ کے انکشافات کی اطلاع دی تھی اور پھر سنیچر کی شب ایک نیا انکشاف کر دیا تھا ۔ پچھلی بار یعنی جنوری 2023 میں اڈانی گروپ کے خلاف لگائے گئے بے ضابطگیوں کے الزامات کے بعد اس بار ’ ہنڈن برگ ‘ نے اپنی رپورٹ میں SEBI کی چیئرپرسن مدھابی پوری بچ اور ان کے شوہر پر الزامات عائد کیے ہیں ۔ نئے دستاویزات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ SEBI کی چیئرپرسن اور ان کے شوہر نے اڈانی سائفوننگ اسکینڈل میں استعمال ہونے والے غیر واضح آف شور فنڈز میں حصہ لیا تھا ۔ آسان لفظوں میں یہ کہ اڈانی پر شئیرز کی ہیرا پھیری اور بدعنوانی کے جو الزامات لگے تھے ، اُن میں مدھابی بچ اپنے شوہر سمیت شامل تھیں ۔ یہ انتہائی سنگین الزام ہے ۔ تاہم SEBI کی چیئرپرسن کی جانب سے جو وضاحت سامنے آئی ہے ، کہ یہ سب الزامات بے بنیاد ہیں اور یہ صرف انہیں بدنام کرنے کی کوشش ہے ۔ لیکن ’ ہنڈن برگ ‘ نے اس وضاحت یا ردعمل کو جزوی طور پر مدھابی بچ کا اعترافِ الزام قرار دیا ہے ۔ ’ ہنڈن برگ ‘ کا دعویٰ ہے کہ مدھابی بچ نے جو کچھ کہا ہے اس سے ان پر لگے الزامت رد نہیں ہوتے بلکہ ثابت ہوتے ہیں ۔ ’ ہنڈن برگ ‘ کے یہ نئے الزامات چونکہ اڈانی گروپ کو دوبارہ منظر عام پر لے آئے ہیں ، اس لیے اڈانی گروپ نے بھی ردعمل ظاہر کیا ہے ، کہ اس کا SEBI چیف مدھابی پوری بوچ کے ساتھ کوئی تجارتی تعلق نہیں ہے ، جیسا کہ ’ ہنڈن برگ ‘ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے ۔ اڈانی گروپ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ ’ ہنڈن برگ ‘ کی طرف سے گروپ کے خلاف لگائے گیے تمام الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے ، جو صرف بدنام کرنے کے لیے لگائے گئے ہیں ۔ خیر ’ ہنڈن برگ ریسرچ ‘ کی نئی رپورٹ اور الزامات میں کوئی سچائی ہو یا نہ ہو ملک کا سیاسی ماحول ایک بار پھر گرما گیا ہے ، اور کانگریس نے اپنی پرانی مانگ دوہرا دی ہے کہ اس معاملہ کی ’ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی ‘ سے جانچ کروائی جائے ۔ یہ مطالبہ ’ ہنڈن برگ ‘ کی اڈانی کے خلاف رپورٹ کے بعد ہی اٹھایا گیا تھا ، اور اس وقت حکمراں جماعت بی جے پی نے پارلیمنٹ میں اپنی طاقت کے بَل پر اس مطالبے پر کان نہیں دھرے تھے ، لیکن آج اپوزیشن پہلے کے مقابلے زیادہ مضبوط ہے ، اور اس نے مرکزی حکومت پر حملہ شروع کر دیا ہے ۔ راہل گاندھی نے پوری مضبوطی کے ساتھ حملہ کیا ہے ۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے ہفتہ کی رات ہی کانگریس کی جانب سے ایک بیان جاری کرتے ہوئے ’ اڈانی میگا اسکیم ‘ کی تحقیقات میں SEBI کی ’ عجیب خواہش ‘ کا اور سپریم کورٹ کی ماہر کمیٹی کا ذکر کیا تھا ۔ جے رام رمیش کے مطابق ، ہنڈن برگ ریسرچ کے تازہ ترین الزامات گوتم اڈانی کی SEBI کے چیئرمین کے طور پر تقرری کے فوراً بعد ُبوچ کے ساتھ 2022 کی مسلسل دو ملاقاتوں کے بارے میں نئے سوالات اُٹھتے ہیں ۔ یہ تازہ رپورٹ اس لیے سنگین ہے کہ اڈانی کے خلاف تقریباً ایک سال تک جاری رہنے والی SEBI کی تحقیقات اور کیس کے بعد اڈانی گروپ کو اسی سال یعنی جنوری 2024 میں راحت ملی ہے ، انہیں سپریم کورٹ نے یہ کہتے ہوئے کلین چٹ دی ہے کہ تمام الزامات ثابت نہیں ہوئے ۔ اب یہ جو مدھابی پوری بچ اور اڈانی کے درمیان تعلق کا الزام لگا ہے ، وہ مذکورہ کلین چٹ پر سوالیہ نشان لگا رہا ہے ، لہذا کانگریس کے اس مطالبے پر غور کرنا ٖضروری ہے کہ مدھابی پوری بچ SEBI کے عہدے سے استعفیٰ دیں اور اس معاملے کی شفاف تحقیات کی جائے ۔

(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ قندیل کاان سےاتفاق ضروری نہیں)

You may also like