Home قومی خبریں ہاتھرس متاثرہ کی شناخت عام کرنے کا معاملہ:قومی خواتین کمیشن نے امت مالویہ،دگ وجے سنگھ اور سوارا بھاسکر کونوٹس بھیجا

ہاتھرس متاثرہ کی شناخت عام کرنے کا معاملہ:قومی خواتین کمیشن نے امت مالویہ،دگ وجے سنگھ اور سوارا بھاسکر کونوٹس بھیجا

by قندیل

نئی دہلی:قومی کمیشن برائے خواتین نے بی جے پی آئی ٹی سیل کے سربراہ امت مالویہ، کانگریس لیڈر دگ وجے سنگھ اور اداکارہ سوارا بھاسکر سے سوشل میڈیا پر ہاتھرس کیس میں متاثرہ کی شناخت کو بے نقاب کرنے کے الزام میں وضاحت طلب کی ہے۔ کمیشن نے ان سے شناخت سے متعلقہ پوسٹوں کو فوری طور پر ختم کرنے اور آئندہ ایسی پوسٹ کو شیئر کرنے سے باز رہنے کو کہا ہے۔ کمیشن نے منگل کے روز ٹویٹ کیا کہ قومی کمیشن برائے خواتین نے امت مالویہ، دگ وجے سنگھ اور سوارا بھاسکر کی جانب سے ہاتھرس کی متاثرہ کی شناخت ظاہر کرنے سے متعلق ٹویٹر پوسٹوں پر وضاحت طلب کی ہے اور فوری طور پر ان پوسٹوں کو ہٹانے کی ہدایت کی ہے۔ مستقبل میں بھی ایسی پوسٹس کو شیئر کرنے سے گریز کرنے کو کہاہے۔ بھاسکر، مالویہ اور سنگھ کو بھیجے گئے علیحدہ نوٹس میں کمیشن نے کہا ہے کہ اس کے نوٹس میں آیا ہے کہ بہت ساری ٹویٹر پوسٹس ایسی ہیں جن میں مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی لڑکی کی تصویر استعمال کی گئی تھی۔ کمیشن نے نوٹس میں کہاکہ آپ کو اس نوٹس پر کمیشن کو اطمینان بخش وضاحت پیش کرنا ہوگی اور سوشل میڈیا پر ایسی تصاویر ، ویڈیوز کورکھنے اور نشر کرنے سے گریز کرنا ہوگا، کیونکہ وہ آپ کے فالورس کے ذریعہ وسیع پیمانے پر پھیل رہے ہیں، جس سے قانون منع کرتا ہے۔

You may also like

Leave a Comment