حج 2021کے لیے درخواست کی تاریخ میں توسیع

نئی دہلی:عازمین حج کے لیے اچھی خبرہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے حج کی درخواست کی آخری تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کردی ہے۔اب حج 2021پر جانے کے خواہشمند افراد 10 جنوری تک آن لائن فارم پْر کرسکتے ہیں۔ اس سے قبل آخری تاریخ 10 دسمبر تک مقرر کی گئی تھی۔ اس سال حج کی درخواست کا عمل 7 نومبر سے شروع ہوا ہے۔ آن لائن درخواست کے عمل کے بعد سفر کا کرایہ جمع کرنے کا عمل شروع ہوگا۔بہار اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین ، الیاس عرف سونو بابو نے بتایاہے کہ یہ پہلاحج ہے ، جو کورونا کے دورمیں ہورہا ہے۔ انہوں نے بتایاہے کہ ریاست بھر سے اب تک 1200 حج کی درخواستیں آچکی ہیں۔اس بار کورونا کے حوالے سے ہر سطح پر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی۔ عمر کی پابندیاں بھی کورونا انفیکشن کے پیش نظررہیں گی۔ بچوں اور بوڑھوں کو کورونا انفیکشن کا زیادہ خطرہ ہے ، لہٰذا18 سال سے کم عمر اور 65 سال سے زیادہ عمر کے بزرگ حج کے لیے درخواست نہیں دے پائیں گے۔کورونا کے پیش نظر اب کسی گروپ میں صرف تین ممبرہی جاسکیں گے۔اس سے قبل ایک گروپ میں 5 ممبر ہوسکتے تھے۔ اس بار سفر کا دورانیہ بھی کم ہواہے۔ پہلے 40 سے 45 دن کاسفرہوتاتھا۔ اب حج سفر30 سے35 دن میں مکمل ہوجائے گا۔بہار کی عازمین اس بار گیاسے نہیں،وہ کولکاتہ سے پرواز کرسکیں گی۔بہارکے عازمین حج کی جیبوں پر 50 ہزار سے زیادہ رقم لگے گی۔بہار اسٹیٹ حج کمیٹی کے سی ای او راشد حسین نے بتایاہے کہ اس سے پہلے گیا سے طیارہ کی لاگت کم تھی۔ کولکاتہ سے پرواز کرتے وقت بہار سے آئے ہوئے حاجیوں کے لیے 50000 روپے سے زیادہ کا کھانا رہائش میں خرچ ممکن ہے۔