پٹنہ:انتخابی میدان میں اترنے کی قیاس آرائیوں کے درمیان وی آر ایس لینے والے سابق ڈی جی پی گپتیشور پانڈے ریاست کے چیف نتیش کمار سے ملنے کے لئے ہفتہ کے روز جے ڈی یو پارٹی کے دفتر پہنچے۔ اس دوران پارٹی میں میڈیا کے داخلے پر مکمل پابندی عائد تھی۔ جب سابق ڈی جی پی گپتیشور پانڈے نتیش کمار سے ملنے کے بعد باہر آئے تو انہوں نے میڈیا سے بات کی۔ سابق ڈی جی پی گپتیشور پانڈے نے کہاکہ میں نے وزیر اعلی نتیش کمار کے ساتھ کام کیا ہے اور اب میں سبکدوش ہوگیاہوں، لہذا میں ان کا شکریہ ادا کرنے آیا ہوں۔ انتخاب کے بارے میں کوئی بات نہیں ہوئی اور میں نے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ فیصلہ کروں گا توبتادوں گا۔سابق ڈی جی پی گپتیشور پانڈے نے سی ایم نتیش کمار کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے مجھے کام کرنے کی مکمل آزادی دی ،اس لیے ان کا شکریہ ادا کرنے آیاہوں لیکن کوئی سیاسی بات نہیں ہوئی۔جے ڈی یو میں شمولیت کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ایک طویل عرصے سے گپتیشور پانڈے کے انتخاب لڑنے کی بحث زوروں پر ہے۔ گرچہ گپتیشور پانڈے نے ابھی تک اس حقیقت کو قبول نہیں کیا ہے، لیکن اس کو مسترد بھی نہیں کیا ہےاور اب ان کے جدیو میں شامل ہونے کی اٹکلیں تیز ہو گئی ہیں۔