غلام نبی آزاد کااعلان:اگلے دو ماہ میں کانگریس کوفتح دلانا اولین ترجیح، پارٹی جہاں بلائے گی وہاں جائیں گے

نئی دہلی:جی 23 کی قیادت کررہے کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ اگلے دو ماہ میں کانگریس کو جتانا ان کی اور ان کے اتحادیوں کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی پارٹی یا پارٹی کے امیدواربلائیں گے، وہ اور ان کے اتحادی وہاں جائیں گے۔قابل ذکرہے کہ مارچ-اپریل میں پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ بتادیں کہ پارٹی میں انتخابی مہم چلانے کے دو طریقے ہیں۔ پہلا پارٹی اسٹار پرچارک کی حیثیت سے انتخابی مہم چلانا۔ اس کے لئے پارٹی اسٹارپرچارکوں کی فہرست جاری کرتی ہے۔ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ امیدوار پارٹی لیڈران کو انتخابی مہم کے لئے بھی بلا تے ہیں۔ غلام نبی آزاد کا یہ بیان اس لئے اہم ہو گیا ہے کیوں کہ جی 23 کے لیڈران کانگریس سے ناراض ہیں۔
گاندھی کنبہ کے قریبی ذرائع کا الزام ہے کہ غلام نبی آزاد اس بات سے ناراض ہیں کہ پارٹی نے ان کی راجیہ سبھا کی میعاد ختم ہونے کے بعد انہیں دوبارہ راجیہ سبھا نہیں بھیجا۔ اسی دوران ذرائع کا الزام ہے کہ راجیہ سبھا میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر آنند شرما کو امید ہے کہ انہیں آزاد کے بعد اپوزیشن لیڈر بنایا جائے گا، لیکن پارٹی نے ایسا نہیں کیا اور اس ذمہ داری کو ملکا ارجن کے حوالے کردیا۔ آنند شرما کویہ بات ناگوارگزری۔