بہار:گوپال گنج جیل میں کرونا کا قہر، 2 دن میں 139 قیدی پازیٹو

گوپال گنج:بہار میں کورونا کیسز میں بھلے ہی کچھ کمی آئی ہو لیکن اب بھی انفیکشن کئی نئے علاقوں میں پھیل رہے ہیں ، اس کا دائرہ اب جیل تک بھی پہنچنے لگا ہے۔ تازہ اطلاع کے مطابق بہار کے گوپال گنج ضلع واقع جیل میں 139 قیدی کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں،جنہیں اب الگ آئی سولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔گوپال گنج جیل سپرنٹنڈنٹ کمار امت کامطابق پیر کو 86 قیدیوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی جب کہ اس کے ایک دن بعد یعنی منگل کو مزید 53 قیدی کورونا متاثر ملے۔ انھوں نے کہا کہ سبھی متاثرہ قیدیوں کو جیل احاطہ میں بنے آئی سولیشن وارڈ میں منتقل کر کے ان کا علاج شروع کر دیا گیا ہے۔ اس جیل میں فی الحال 932 قیدی موجود ہیں۔جیل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ سبھی کورونا متاثر قیدیوں کا علاج چل رہا ہے۔ اس عمل میں اگر کسی قیدی کو اسپتال بھیجنے کی ضرورت پڑی ،تو انھیں کووڈ سنٹر بھیجا جائے گا۔ جیل سپرنٹنڈنٹ کمار امت نے بتایا کہ ڈویژنل جیل میں قیدیوں کو کورونا سے بچاؤ کے لیے ٹیکہ کاری کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اب تک 480 قیدیوں کو ویکسین کی پہلی خوراک دی جا چکی ہے، ویکسین کے لیے قیدیوں میں 452 مرد اور 28 خاتون قیدی شامل ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ویکسی نیشن کا عمل مستقل جاری ہے۔