Home مقبول ترین وہ عشق پیچاں کی سرخ بیلیں جو مجھ میں گہری اتر گئی تھیں-سعود عثمانی

وہ عشق پیچاں کی سرخ بیلیں جو مجھ میں گہری اتر گئی تھیں-سعود عثمانی

by قندیل

برون دیوار و در گئی تھیں،ورائے حد نظر گئی تھیں
وہ عشق پیچاں کی سرخ بیلیں جو مجھ میں گہری اتر گئی تھیں

میں ایک دن جب ادھر سےگزرا،تو پھروہ منظرنظر سے گزرا
اسی طرح سے وہ سبز شاخیں سنہرے پھولوں سےبھر گئی تھیں

جنہوں نے مجھ کو جگائے رکھا’تمام شب جگمگائے رکھا
سحرہوئی تو وہ شوخ کرنیں نجانے یکدم کدھرگئی تھیں

وہ لمحۂ جاں گسل نہ بہلا،کسی طرح سے بھی دل نہ بہلا
مکالمے رائیگاں گئے تھے،خموشیاں بے اثر گئی تھیں

ہنر ہے اے شکل ساز میرا’یہ دیکھ تو مونتاژ میرا
وہ کرچیاں جو چبھی ہوئی تھیں’وہ ٹکڑیاں جو بکھر گئی تھیں

سعود شیشہ نہیں سلا وہ’ اگرچہ ملنے کو پھر ملا وہ
مگر بہت دیر ہوچکی تھی’مگر وہ گھڑیاں گزر گئی تھیں

You may also like

Leave a Comment