Home غزل گم گشتہ آسمانوں کے بارے میں پھر کبھی – راجیش ریڈی

گم گشتہ آسمانوں کے بارے میں پھر کبھی – راجیش ریڈی

by قندیل

گم گشتہ آسمانوں کے بارے میں پھر کبھی

بھولی ہوئی اڑانوں کے بارے میں پھر کبھی

ہاں ! ہم سمندروں کی تہوں تک گئے تو تھے

کھوئے ہوئے خزانوں کے بارے میں پھر کبھی

کیا کیا نہ اپنے ہاتھ میں آکر پھسل گیا

قسمت کے اُن بہانوں کے بارے میں پھر کبھی

دیوار پر ہمارے شکاروں کے سر نہ ڈھونڈ

چوکے ہوئے نشانوں کے بارے میں پھر کبھی

جن مسکراہٹوں کے ہوئے ہیں شکار ہم

یاروں کی اُن مچانوں کے بارے میں پھر کبھی

اَن دیکھا جن کو دیکھ کے کرنا پڑا ہمیں

خطرے کے اُن نشانوں کے بارے میں پھر کبھی

اس پہلی کامیابی پہ خوش ہونے دیجیے

اب تک کے امتحانوں کے بارے میں پھر کبھی

You may also like

Leave a Comment