غریب لوگوں کوبھاشن نہیں،راشن چاہیے:رابڑی دیوی

پٹنہ:سابق وزیراعلیٰ رابڑی دیوی نے بھوجپوری میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ٹویٹ پر اسی انداز میں جواب دیا ہے۔ رابڑی دیوی نے ٹویٹ کرکے لکھا ہے کہ محترم وزیر اعظم۔ جون کے مہینے میں بہار میں اناج صرف 35.3 فیصدتقسیم ہواتھا۔ اب بتاؤکہ غریبوں کو اس طرح دوقت کی روٹی ملے گی، غریب لوگ بھاشن نہیں راشن چاہتے ہیں۔وزیر اعظم مودی نے منگل کو’’پردھان منتری غریب کلیان یوجنا‘‘ کو مزیدپانچ ماہ کے لیے بڑھانے کااعلان کیا۔ اس کے بعدپی ایم مودی نے بھوجپوری میں اس پر ٹویٹ کیا اور لکھا کہ میں غریبوں کی عزت کو یقینی بنانا چاہتا ہوں۔وزیر اعظم نے بہارالیکشن کودیکھتے ہوئے اپنی 16 منٹ کی تقریرمیں دو بارچھٹھ کابھی ذکرکیا۔ اس کو بہار اسمبلی انتخابات سے بھی جوڑا جارہا ہے۔ اسمبلی انتخابات چار ماہ بعد ہونے والے ہیں اور یہ بی جے پی کی ناک کا سوال ہے۔ گذشتہ کئی انتخابات میں بی جے پی کو کئی مقامات پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور بڑی ریاستوں سے بھی اس نے اقتدارکھوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کرونا بحران کے بیچ میں بھی بی جے پی نے ڈیجیٹل ذریعے سے انتخابی ریلی کی ہے اور پارٹی کے تمام بڑے لیڈران مستقل طورپرورچوئل ریلیاں نکال رہے ہیں۔