غالب انسٹی ٹیوٹ کے زیراہتمام بین الاقوامی آن لائن اردو،فارسی اور موسیقی کلاسز کا افتتاح

نئی دہلی(پریس ریلیز):غالب انسٹی ٹیوٹ کے زیراہتمام ۵جولائی شام پانچ بجے بین الاقوامی آن لائن اردو،فارسی اور موسیقی کلاسیز کا افتتاح ہوا۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے غالب انسٹی ٹیوٹ کے سکریٹری پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی نے کہاکہ یہ کوئی نیا سلسلہ نہیں ہے پہلے بھی غالب انسٹی ٹیوٹ اس طرح کے کلاسز کا اہتمام کرتا رہاہے البتہ یہ ضرور ہے کہ گزشتہ چند برسوں سے یہ سلسلہ موقوف ہوگیاتھا۔ مجھے نہایت خوشی ہے کہ غالب انسٹی ٹیوٹ نے اپنی اس بہترین روایت کو دوبارہ زندہ کیا ہے۔ اس مرتبہ اس کورس کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس میں پوری دنیاسے شائقین جڑرہے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ اس سے لوگوں کو بہت فائدہ ہوگا۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر ادریس احمدنے کہاکہ گزشتہ ۲۴اپریل کو اس ادارے کے ہردل عزیز ڈائرکٹر سید رضاحیدرہم سے رخصت ہوگئے اور یہ پہلا موقع ہے جب ہم ان کے بغیرکوئی پروگرام کر رہے ہیں لیکن سرگرم عمل رہنابھی انہیں خراج عقیدت کی ایک صورت ہے۔ہماری نئی نسل دھیرے دھیرے اردو سے دور ہوتی جارہی ہے اس کی سب سے بڑی خرابی یہ ہے کہ وہ اپنے مشترکہ کلچر کی خصوصیات کودھیرے دھیرے فراموش کرتی جارہی ہے۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ ریسرچ کے اعلا معیارکو قائم رکھا جائے لیکن بنیادی ضرورتوں کی طرف نظر کرنابھی اہم ہے لہٰذایہ کورس ان افراد کے لئے ہے جنہیں اردو،فارسی اور موسیقی سے دلچسپی توہے لیکن واقفیت نہ کے برابر ہے۔یہ کورس ان لوگوں کے لیے ایک موقع ہے کہ وہ دوبارہ اپنے تہذیبی رشتوں سے واقف ہوسکیں۔ مہمان خصوصی جناب سیف الرحمن قدوائی نے کہاکہ میں لمبے عرصے سے میڈیا سے جڑارہاہوںلہٰذامجھے یہ احساس ہے کہ زبان کی کیا اہمیت ہوتی ہے۔ ہماری نسل اگر اردو سے واقف بھی ہے تووہ اردو کی جدید تخلیقات کو آسانی سے سمجھ لیتی ہے لیکن کلاسیکی ادب کو سمجھنے کے لیے میراخیال ہے کہ فارسی کی کم سے کم بنیادی واقفیت تو ضروری ہے۔ اس کورس کی خوبصورتی یہ ہے کہ اردو،فارسی اور موسیقی کاسنگم ہے اور یہاں بنیادسے شروعات کرائی جائے گی۔ مجھے یقین ہے کہ کورس بہت کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگا۔اردو،فارسی کلاسز کے استاد جناب طاہرالحسن نے کہاکہ اردو نہایت شیریں زباں ہے اور ہماری گنگا جمنی تہذبی کی نقیب ہے۔ اردو کی خوبصورتی اس کے تلفظ میں بھی ہے لہٰذا ہم کوشش کریں گے کہ صحیح تحریر اور بڑھت کے علاوہ تلفظ کو بھی درست طریقے سے ادا کیا جائے۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ ساری دنیاسے طلبا و طالبات ہم سے رابطہ کر رہے ہیں۔ مجھے امیدہے کہ میں اس سلسلے میں آپ کی صحیح رہنمائی کرسکوں گا اور اس درمیان مجھے آپ سے بھی بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔ واضح ہوکہ غالب انسٹی ٹیوٹ چھ ماہ کا آن لائن اردو، فارسی اورموسیقی کورس کروارہاہے۔ ہفتے کے ابتدائی تین دن اردوکلاس ہوں گی اور جمعرات جمعہ کو فارسی کلاسزشام پانچ بجے سے چھ بجے تک آن لائن چلیں گی۔ موسیقی کی کلاس ہفتے میں دو دن ہوں گی۔اردوفارسی کے استاد جناب طاہرالحسن اردو اور موسیقی کی کلاس بدھ اور جمعہ کی شام ۵ بجے سے ۶بجے تک استادعبدالرحمن لیں گے۔