ای وی ایم کا معاملہ ایک بار پھر سپریم کورٹ پہنچا ، بیلٹ پیپر سے الیکشن کرانے کا مطالبہ

نئی دہلی: ای وی ایم مشینوں کا معاملہ ایک بار پھر سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے۔ ایڈوکیٹ منوہر لال شرما نے سپریم کورٹ میں ای وی ایم ووٹنگ کے خلاف عرضی پر جلد سماعت کا مطالبہ کیا ہے۔ سی جے آئی این وی رمنا نے کہا کہ کیا انہیں ای وی ایم مشین میں مسئلہ ہے؟ شرما نے کہا کہ انتخابات صرف بیلٹ پیپر کے ذریعے ہونے چاہئیں۔ ہم قانون کے حوالے سے بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل سماعت کی جائے۔ اس پر سی جے آئی نے کہا کہ دیکھیں گے۔شرما نے اپنی عرضی میں عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعہ 61(a) کو چیلنج کیا ہے، جس میں بیلٹ پیپر کے بجائے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کے ذریعے ووٹنگ کرانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ شرما کی عرضی کے مطابق اس شق کو ابھی تک پارلیمنٹ سے منظور نہیں کیا گیا ہے۔ اس لیے اس کے ذریعے اب تک ہونے والے تمام انتخابات غیر قانونی ہیں۔ ہر جگہ بیلٹ کے ذریعے دوبارہ پولنگ کرائی جائے۔