Home اسپورٹس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کی شرمناک کارکردگی کا خمیازہ سلیکشن کمیٹی کو بھگتنا پڑا، چیتن شرما کی سربراہی والی پوری کمیٹی برخاست

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کی شرمناک کارکردگی کا خمیازہ سلیکشن کمیٹی کو بھگتنا پڑا، چیتن شرما کی سربراہی والی پوری کمیٹی برخاست

by قندیل

نئی دہلی:حال ہی میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت کی شرمناک شکست کے اثرات نظر آنے لگے ہیں۔ اور اسی سلسلے میں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے جمعہ کو پہلا بڑا فیصلہ لیتے ہوئے پوری پانچ رکنی قومی سلیکشن کمیٹی کو برخاست کر دیا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ برطرف سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین سابق ٹیسٹ کرکٹر چیتن شرما ہیں، جب کہ دیگر اراکین میں سابق کرکٹر سنیل جوشی، دیواشیش موہنتی، ہرویندر سنگھ شامل ہیں۔ ہندوستانی کرکٹ کی تاریخ میں غالباً پہلی بار ایسا دیکھنے میں آیا ہے جب ٹیم کی خراب کارکردگی کا خمیازہ پوری سلیکشن کمیٹی کو بھگتنا پڑا ہے۔ تاہم بورڈ نے سخت فیصلہ لیتے ہوئے نئی سلیکشن کمیٹی کے لیے درخواستیں بھی طلب کرلی ہیں۔ ویسے تو اس کے امکانات پہلے ہی نظر آرہے تھے کیونکہ حال ہی میں منعقدہ بورڈ کی سالانہ جنرل میٹنگ (AGM) میں اعلیٰ عہدیداروں نے سلیکٹرز کے کام کرنے کے انداز پر ناخوشی کا اظہار کیا تھا۔
ساتھ ہی بی سی سی آئی نے نئی سلیکشن کمیٹی کے لیے درخواستیں بھی طلب کی ہیں۔ قومی سلیکشن کمیٹی کا ممبر بننے کے لیے کل پانچ اسامیاں ہیں جو سینٹرل زون، ایسٹ، ویسٹ، نارتھ اور ساؤتھ زون کے لیے ہیں۔ اسامیوں کے لیے اہلیت کی شرائط درج ذیل ہیں:
1. درخواست دینے والے کھلاڑی نے کم از کم 7 ٹیسٹ میچ کھیلے ہوں ۔
2. کھلاڑی نے کم از کم 30 فرسٹ کلاس میچ کھیلے ہوں۔
3. درخواست گزار نے کم از کم 10 ون ڈے اور بیس فرسٹ کلاس میچ کھیلے ہوں ۔
ان شرائط کے علاوہ درخواست دینے والے کھلاڑی نے کم از کم پانچ سال پہلے کرکٹ کو الوداع کہا ہو ۔ نیز کھلاڑی کو کسی مخصوص کرکٹ کمیٹی کا رکن نہیں ہونا چاہیے۔ بتا دیں کہ درخواست گزار کو 28 نومبر کی شام 6 بجے تک اپنی درخواست بھیجنی ہوگی۔ درخواست فارم بی سی سی آئی کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیے جا سکتے ہیں۔

You may also like

Leave a Comment