الیکشن کے بعدبہار سرکار کو کوروناکی یادآئی، 15 دن کا الرٹ جاری

پٹنہ:جب تک بہارمیں الیکشن کی ریلیاں چل رہی تھیں اورہزاروں لوگ بغیرماسک اوربغیرسماجی فاصلے کے اصولوں کی دھجیاں اڑارہے تھے توافسران اورحکومت کی طرف سے چپی سادھ لی گئی تھی۔اب جب اپناکام ہوچکاہے،یعنی الیکشن ہوگیااورسرکاربن گئی توسرکارنے ڈنڈاچلاناشروع کیاہے اوراب اسے کورونایادآیاہے۔کئی ریاستوں میں دوسری لہر کے بعد، بہار حکومت نے کورونا کو سنجیدگی سے لیا ہے۔چیف سیکرٹری دیپک کمارکے زیر صدارت کرائسز مینجمنٹ گروپ کے اجلاس میں متعدد فیصلے کیے گئے۔ماسک کے بغیر ڈرائیونگ کرتے ہوئے پکڑے جانے پر کار ضبط کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس اصول کا اطلاق دو پہیوں اور فور وہیلرز سمیت تمام گاڑیوں پر ہوگا۔ نیز اگر دکاندار یا گاہک بغیر ماسک کے مل گیا تو دوکان فوری طور پر بند کردی جائے گی۔ حکومت نے کورونا کے پیش نظر 15 دن کا الرٹ جاری کیا ہے۔لیکن الیکشن کے دوران بغیرماسک کے نیتااسٹیج پرجمع تھے توکچھ ضبط نہیں ہوا۔یہاں پٹنہ پولیس اور ضلع انتظامیہ کا ماسک سرچ آپریشن منگل سے شروع ہوا۔ بغیرماسک پکڑے جانے والوں کو 50 روپے جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔ ایک سے زیادہ بارمیں مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے۔ آپ کوجیل جاناپڑسکتا ہے۔