الیکشن ہارنے کے بعدبھی بی جے پی حکومت کے لیے کوشاں:کجریوال

نئی دہلی:دہلی کے وزیراعلیٰ اروندکجریوال نے ایک بارپھرمرکزی حکومت کونشانہ بناتے ہوئے منتخب حکومت کے اختیارات کوکم کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں بل لانے کاالزام عائدکیاہے۔ وزیراعلیٰ اروندکجریوال نے لوک سبھا میں پیش کردہ قومی دارالحکومت دہلی حکومت (ترمیمی) بل 2021 پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی کو نشانہ بنایاہے۔کجریوال نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ دہلی (اسمبلی کی 8 نشستوں ، ایم سی ڈی ضمنی انتخاب میں صفر) کے عوام سے مستردہونے کے بعد بی جے پی لوک سبھا میں ایک بل پیش کرکے منتخب حکومت کے اختیارات کو کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ یہ بل آئینی بنچ کے فیصلے کے منافی ہے۔ ہم بی جے پی کے غیرآئینی اورجمہوریت مخالف اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ تمام فائلیں لیفٹیننٹ گورنر کے پاس جائیں گی۔ یہ 4 جولائی 2018 کو آئینی بنچ کے فیصلے کے منافی ہے جس نے کہا ہے کہ فائلوں کونہیں بھیجا جائے گا۔ منتخب حکومت تمام فیصلے کرے گی۔ اور فیصلے کی کاپی ایل جی کو بھیجے گی۔