معتمرین کیلئے ویزا آسان ،سعودی عرب نے ’’ای عمرہ گیٹ‘‘ متعارف کرا دیا

ریاض :سعودی عرب نے معتمرین کے لیے ویزا کے حصول کو مزید آسان کرتے ہوئے ڈیجیٹل سہولت فراہم کردی۔ وزارت حج و عمرہ کے مطابق عمرہ کا ویزا حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’’ای عمرہ گیٹ‘‘ متعارف کرایا ہے جس پر جا کر معتمرین محض چند ضروری معلومات فراہم کرکے فوری طور پر عمرہ ویزا حاصل کرسکتے ہیں۔ وزارت حج و عمرہ نے ای عمرہ گیٹ پر اندراج کے طریقہ کار کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس سہولت سے ان ممالک کے شہری فائدہ اٹھا سکتے ہیں جہاں سے سعودی عرب آنے پر پابندی عائد نہیں ہے۔ عمرہ ویزا حصول کے خواہش مند افراد ’ای عمرہ گیٹ‘ پر اندراج کے بعد اپنے منتخب کردہ ٹریولنگ ایجنسی کے دفتر جائیں اور اپنا پاسپورٹ پیش کرکے عمرہ فارم پر کریں اور اپنے وطن سے روانگی اور ادائیگی عمرے کے بعد واپسی کی تاریخ کی تصدیق کریں۔ علاوہ ازیں آمدورفت کے ٹکٹ، میڈیکل انشورنس سکیم اور سعودی عرب کی منظور کردہ کرونا ویکسین کی مصدقہ سند پیش کریں تو ویزا جاری کردیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی ایپ کے ذریعے عمرہ کی ادائیگی اور مسجد نبوی کی زیارت کی تاریخ اور وقت پیشگی حاصل کرلیں تاکہ بعد میں زحمت نہ ہو۔