دنیا میں ایک دن میں کوروناکے سب سے زیادہ کیس،نیا ریکارڈ

واشنگٹن:گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران عالمی سطح پر کورونا وائرس کے دولاکھ ساٹھ ہزار سے زائد نئے کیس رپورٹ کیے گئے، جو اس عالمی وبا کے پھوٹنے کے بعد سے کسی ایک دن میں نئے متاثرین کی سب سے بڑی تعداد ہے۔عالمی ادارہ صحت کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا پھوٹنے کے بعد کل اس وائرس کے سب سے زیادہ نئے کیس سامنے آئے۔ ان کیسوں کی تعداد دو لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد بنتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ نئے کیس امریکا، برازیل، بھارت اور جنوبی افریقہ میں ریکارڈ کیے گئے۔اسی طرح دس مئی کے بعد کسی ایک دن میں ہلاکتوں کی بھی سب سے زیادہ تعداد ہفتے کے روز ہی ریکارڈ کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ صرف اٹھارہ جولائی کے روز سات ہزار تین سو ساٹھ ہلاکتیں ہوئیں۔ اس عالمی وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد اب چھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔کورونا وائرس گزشتہ برس دسمبر میں چینی شہر ووہان سے پہلی مرتبہ رپورٹ ہوا تھا، جو اب دنیا کے دو سو دس ممالک اور خطوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔پاکستان میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسوں کی تعداد دو لاکھ تریسٹھ ہزار سے زائد ہو چکی ہے تاہم صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ پاکستانی حکام کے مطابق اب تک اس وبا کی وجہ سے ملک میں پانچ ہزار پانچ سو اڑسٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*