دنیا بھر میں پھر بڑھ رہے ہیں کرونا کیسز،امریکہ میں بدترین حالت

جینوا:عالمی ادارہ صحت نے بتایا ہے کہ جمعے کو دنیا بھر میں کورونا کے 581,679 نئے کیسز سامنے آئے، جو اب تک یومیہ بنیادوں پر کیسز کا نیا ریکارڈ ہے۔ دنیا بھر میں انچاس ملین سے زائد افراد نئے کورونا وائرس کا شکار بن چکے ہیں۔عالمی ادارہ صحت نے ہفتے کی صبح اعلان کیا ہے کہ جمعے کو عالمی سطح پر کرونا کے 581,679 نئے کیسز سامنے آئے۔ اس سے قبل ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز کا ریکارڈ اکتیس اکتوبر کو قائم ہوا تھا ،تاہم چھ نومبر کو سامنے آنے والے کیسز کی تعداد اس سے چوبیس ہزار زائد ہے۔دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 49.04 ملین ہو گئی ہے۔ اس عالمی وبا کے نتیجے میں ہونے والی مصدقہ ہلاکتیں اب 1,238,751 ہو چکی ہیں۔ اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ ہے جہاں اب تک 9,650,284 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جب کہ امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد 235,031 ہے۔ بھارت اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں مجموعی طور پر 8,411,724 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جب کہ یہاں ہلاکتیں 124,985 ہوئی ہیں۔جرمنی کے مختلف شہروں میں اس اختتام ہفتہ پر کرونا وائرس لاک ڈاؤن کے خلاف بڑے مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ مشرقی جرمن شہر لائپزگ میں حکام نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر پرتشدد حملوں کی کالز دی جا رہی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان مظاہروں کی کالز انتہائی دائیں اور انتہائی بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے چند افراد اور تنظیموں کی جانب سے سامنے آ رہی ہیں۔ جرمنی میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے تناظر میں ایک مرتبہ پھر ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ ہے، جس کے تحت لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ فقط ضروری امور کے تحت ہی گھروں سے نکلیں۔

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*