ڈی یو کی سینٹرل لائبریری ریسرچ اسکالرز اور اساتذہ کے لیے کھول دی گئی

نئی دہلی:مرحلہ وار طریقے سے دہلی یونیورسٹی میں تمام شعبے کو دوبارہ کھولا جارہا ہے اور اس عمل میں ریسرچ اسکالرز اور اساتذہ کو سینٹرل لائبریری اور اس کے اسٹڈی رومز استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔یونیورسٹی نے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ یو جی سی اور دہلی یونیورسٹی لائبریری انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے لائبریری کو تحقیق کاروں اور اساتذہ کے لیے فوری طور پر دوبارہ کھول دیاہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لائبریری کو مرحلہ وار طریقے سے ڈی یو ایل ایس کے تحت کھولا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں صرف اساتذہ ، پی ایچ ڈی / ایم فل ریسرچ اسکالرز کو لائبریری میں اسٹڈی رومزکواستعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔ پیر سے جمعہ تک صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک لائبریری کو استعمال کرنے کی اجازت دی جائے گی۔