نئی دہلی:دہلی یونیورسٹی کے تیسرے سال میں پڑھنے والے طلباء کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دراصل دہلی یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر ایڈمٹ کارڈ 2020 ڈاؤن لوڈ کرتے وقت کئی طلبا کی ذاتی معلومات جیسے فون نمبر، گھر کا پتہ، والدین کا نام عام ہوگئی ہے۔ جس کی وجہ سے کئی طلباء کو جعلی کالز اور میسجز مل رہے ہیں۔ جب اس کی شکایت انہوں نے کالج کے پرنسپل سے کی تو پرنسپل نے کہا کہ یہ غلطی کالج کی سطح پر نہیں بلکہ یونیورسٹی کی سطح پر ہوئی ہے، اس لیے بہتری بھی وہیں سے ہوگی۔ دہلی یونیورسٹی کے کیوریڈیمل کالج میں زیر تعلیم راشی ساہو نے بتایا کہ میں پہلے ہی آن لائن امتحانات کے بارے میں پریشان تھا لیکن اب ایک نئی پریشانی سامنے آگئی ہے۔ ہماری ذاتی معلومات یونیورسٹی کے پورٹل پر عام ہوگئی ہیں۔ ڈی یو کی پورٹل کھولنے پر ہماری نجی معلومات بڑی آسانی سے دکھائی دیتی ہیں، جس کی وجہ سے مجھے متعدد جعلی کالز آرہی ہیں۔ یونیورسٹی سے درخواست ہے کہ جلد از جلد اس معلومات کو ویب سائٹ سے ہٹا دیا جائے۔