Home قومی خبریں ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی شعبہ اردو، پٹنہ یونیورسٹی کے صدر منتخب

ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی شعبہ اردو، پٹنہ یونیورسٹی کے صدر منتخب

by قندیل

 

پٹنہ (شاہد وصی) سہ سالہ تبدیلی صدور ضابطے کے تحت پیر کے روز اردو کے مشہور ادیب، فکشن ناقد، درجنوں کتابوں کے مصنف ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی نے شعبہ اردو پٹنہ یونیورسٹی کے صدر شعبہ کا عہدہ سنبھالا۔ سابق صدر پروفیسر جاوید حیات نے گلدستہ کے ساتھ کرسی صدارت پر ان کا استقبال کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ واضح ہو کہ پٹنہ یونیورسٹی کے شعبہ اردو کی ایک تاریخ رہی ہے۔ ڈاکٹر عظیم الدین سے لے کے اختر اورینوی، پروفیسر اسلم آزاد، پروفیسر اعجاز علی ارشد، پروفیسر اسرائیل رضا جیسے ممتاز اہل قلم ودانش صدور شعبہ رہ چکے ہیں۔ دبستان عظیم آباد کی ترویج میں اس شعبے کا کلیدی کردار رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹر اعظمی کی صدارت کی خبر مشتہر ہوتے ہی اردو آبادی میں تحسین وآفریں کا ماحول دیکھنے کو ملا۔ فکشن نگار ڈاکٹر قاسم خورشید نے المنائی ایسوسی ایشن واٹس ایپ گروپ میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس دن کا شدت سے انتظار تھا آخر وہ دن آہی گیا۔ شعبہ اردو اور اس کے متعلقین کیلئے ساتھ ہی جہان علم وادب کیلئے اچھی خبر، روز اول سے آپ بہت ہی فعال اور متحرک رہے ہیں۔ ان شاء اللہ آنے والے دنوں میں بھی علم وادب کی آبیاری کرتے رہیں گے۔ ڈاکٹر واحد نظیر نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی کی صدارت میں شعبہ اردو کی تاریخی شبیہ نئے رنگ وروغن سے مزید پرکشش ہوگی۔ شہاب صاحب کی تدریسی وانصرامی صلاحیت اور علمی روشنی سے شعبے کا چہرہ اور بھی تابناک ہوگا، اللہ ان کا حامی وناصر ہو۔ ڈیپارٹمنٹ آف اردو واٹس ایپ گروپ میں سابق صدر شعبہ پروفیسر اسرائیل رضا نے مبارکبادی پیش کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ ڈاکٹر اعظمی کے دور صدارت میں شعبہ اردو کے شاندار روایتی وقار میں مزید اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر شعبہ میں ڈاکٹر صفدر امام قادری، ڈاکٹر اکبر علی، پروفیسر اسرائیل رضا، ڈاکٹر سرور عالم ندوی، ڈاکٹر منہاج الدین، ڈاکٹر نجم الحسن عارض، ڈاکٹر نعمت شمع، ڈاکٹر عندلیب عمر، عارف حسین وغیرہم کے علاوہ طلبا وطالبات اور ریسرچ اسکالر موجود تھے۔

You may also like

Leave a Comment