ڈاکٹر کفیل خان کی رہائی پر اکھلیش یادو نے کہا:امید ہے اعظم خان کو بھی ملے گا انصاف

لکھنؤ:سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے قومی سلامتی ایکٹ کے تحت جیل میں بند ڈاکٹر کفیل خان کی رہائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ایس پی کے سینئر رہنما اعظم خان جو ان جیسے جھوٹے مقدمات میں پھنسے ہیں، انہیں جلد انصاف ملے گا۔ اکھلیش نے بدھ کے روز ایک ٹویٹ میں کہاکہ ملک اور ملک کے تمام انصاف پسند لوگوں نے ہائیکورٹ کے ذریعہ ڈاکٹر کفیل کی رہائی کے حکم کا بخوشی خیرمقدم کیا ہے۔ امید ہے کہ جھوٹے مقدمات میں پھنسے اعظم خان جی کو جلد انصاف ملے گا۔ریاست کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی نا انصافی اور مظالم ہمیشہ نہیں رہتے ۔ الہ آباد ہائی کورٹ کے حکم کے بعد ڈاکٹر کفیل خان کو منگل کی آدھی رات کو متھورا جیل سے رہا کیا گیا ۔