دگ وجے نے شیو راج سے کہا:مودی و شاہ کا پردہ فاش کرنے کے لیے شکریہ

بھوپال:وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کی مبینہ آڈیو وائرل ہونے کے بعد سیاسی بازار گرم ہوگیا ہے۔ اب سابق وزیر اعلی دگ وجے سنگھ نے بھی اس معاملے میں اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش کی حکومت گرانے کی سازش میں مودی اور شاہ بھی ملوث تھے،شیو راج نے اس کا پردہ فاش کردیا ۔ اس کے لئے شیو راج جی کا شکریہ۔ انہوں نے کہاکہ اب یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ جب مودی جی کو کورونا سے نمٹنے کے لئے وقت دینا تھا تو وہ مدھیہ پردیش کی عوام کے ذریعہ منتخب کردہ حکومت کو گرانے میں مصروف تھے۔ایک ٹویٹ میں انہوں نے شیو راج سنگھ چوہان کو ماموں کی حیثیت سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے قبول کیا کہ آپ کی مرکزی قیادت مودی شاہ نے حکومت کا خاتمہ کیا۔ اب یہ بھی مان لیں کہ کمل ناتھ حکومت نے ریت مافیا، بلڈر مافیا، ملاوٹ کرنے والے مافیا اور ویاپم، ای ٹینڈرنگ گھوٹالوں پر سخت کارروائی شروع کی جس سے بی جے پی گھبراگئی ۔ ادھر وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے سیاسی ہنگامے کے دوران ٹویٹ کیا ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے گنہگاروں کا خاتمہ تو نیکی کا کام ہے۔ یہ ہمارا مذہب کہتا ہے۔ اس کو مدھیہ پردیش میں کانگریس کی کمل ناتھ حکومت کا تختہ پلٹنے کے سلسلے میں دیکھا جاتا ہے۔