Home قومی خبریں دیوبند میں ہزاروں مسلم خواتین کا سی اے اے کے خلاف زبردست مظاہرہ

دیوبند میں ہزاروں مسلم خواتین کا سی اے اے کے خلاف زبردست مظاہرہ

by قندیل

دیوبند: (شاہد معین) متنازع شہریت ترمیمی قانون کے خلاف پورا ملک سراپا احتجاج ہے۔ جہاں ایک طرف جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلباء نے اس متنازع قانون کے خلاف پورے ملک میں انقلابی روح بیدار کردی ہے وہیں دوسری طرف شاہین باغ کی خواتین احتجاج کا نیا چہرہ بن کر سامنے آئی ہیں، دلی کی شدید سردی میں بھی یہ خواتین کئی ہفتوں سے احتجاج کی مشعلیں اٹھائی ہوئی ہیں۔ اب پورا ملک شاہین باغ کی خواتین کے نقش قدم پر چل پڑاہے، جگہ جگہ خواتین سیاہ قانون کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کررہی ہیں، ایک طرف پریاگ راج کے روشن باغ علاقہ میں خواتین کا احتجاجی مظاہرہ جاری ہے وہیں دوسری طرف کلکتہ کے پارک سرکس میدان میں خواتین کا دھرنا جاری ہے، پٹنہ کے سبزی باغ میں بھی خواتین کا احتجاج جاری ہے، اسی ضمن میں آج دیوبند کی برقعہ نشیں خواتین نے بھی شاہین باغ کی خواتین سے تحریک حاصل کرتے ہوئے سی اے اے اور این آر سی کے خلاف سڑکوں پر نکل کر پیدل مارچ کیا، اور عید گاہ میدان میں دھرنا دیا، اور صدر جمہوریہ ہند کے نام ایک میمورنڈم بھیج کر شہریت ترمیمی قانون کو منسوخ کرنے کامطالبہ کیا۔ دوپہر تقریباً 2 بجے سی اے اے اور این آرسی کی مخالفت میں برقعہ نشیں خواتین نے گھروں سے باہر نکل کر جامع مسجد سے پر امن پیدل مارچ شروع کیا۔ مارچ میں شامل خواتین نے مختلف نعرے لکھی تختیاں ہاتھوں میں اٹھارکھی تھیں، انہوں نے نعرے بازی کرتے ہوئے سی اے اے کے خلاف اپنے شدید غم وغصہ کا اظہار کیا اور اس کالے قانون کو واپس لینے کامطالبہ کیا۔ خواتین نے سی اے اے اور این آرسی کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے مرکزی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی سے کہاکہ اس کالے قانون کے خلاف پورے ملک میں ہونے والے احتجاجوں اور لوگوں کے مطالبات پر مثبت انداز میں غوروفکر کیا جائے۔ خواتین دارالعلوم چوک اورمسجد رشید سے ہوتے ہوئے عیدگاہ میدان میں جمع ہوئیں، جہاں تین گھنٹے تک دھرنا جاری رہا،بعد ازاں خواتین نے صدر جمہوریہ کے نام میمورنڈم سونپا، میمورنڈم کے ذریعے صدر جمہوریہ ہند سے مطالبہ کیا گیا وہ فوری طورپر اس قانون کو منسوخ کریں۔ اس دوران سیکورٹی کے پیش نظر جلوس کے راستوں پر جگہ جگہ بڑی تعداد میں پولیس فورس کے ساتھ خفیہ محکمہ کے افسران موجود رہے۔

You may also like

Leave a Comment