ڈیموکریٹس جعل سازی کی کوشش کر رہے ہیں،ٹرمپ کا الزام

نیویارک:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹک پارٹی پر انتخابات چوری کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ ایسا ہر گز نہیں ہونے دیں گے۔ٹوئٹر پر ایک بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ پولنگ مراکز کے بعد ہونے کے بعد ووٹ ڈالنا ممکن نہیں۔ انہوں نے ایک بڑی کامیابی کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ آج بدھ کی شام وہ اپنے ووٹروں اور حامیوں سے خطاب کریں گے۔ٹویٹر ویب سائٹ نے صدر ٹرمپ کی اس ٹویٹ کے ساتھ تنبیہی علامت وضع کی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ٹرمپ نے بنا کسی ثبوت کے ڈیموکریٹس پر جعل سازی کا الزام عائد کیا ہے۔ ٹویٹر نے ٹرمپ کی ٹویٹ کے نیچے لکھا ہے کہ اس ٹویٹ کے متن میں بعض یا تمام مواد مشکوک نوعیت کا ہے اور یہ انتخابات میں شرکت کے حوالے سے گمراہ کن ہو سکتا ہے۔ٹرمپ کی جانب سے مذکورہ الزام جو بائڈن کے Delaware ریاست میں اپنے حامیوں سے خطاب کے چند منٹ بعد سامنے آیا ہے۔ اس خطاب میں بائڈن نے باور کرایا کہ امریکی صدارتی انتخابات میں جیتنے والے کا تعین ووٹرز کریں گے نہ کہ ٹرمپ یا وہ (بائڈن) ۔ڈیموکریٹک امیدوار بائڈن نے مزید کہا کہ انتخابات کے نتائج جمعرات کی صبح یا اس کے بعد ہی جانے جا سکیں گے تاہم انہوں نے اپنی جیت کے حوالے سے امید کا اظہار کیا۔یاد رہے کہ اب تک سامنے آنے والے نتائج میں الیکٹورل کالج میں بائڈن نے 223 اور ٹرمپ نے 212 ووٹ حاصل کیے ہیں۔صدارتی انتخابات جیتنے کے واسطے امیدوار کو الیکٹورل کالج کے کل 538 ووٹوں میں سے 270 ووٹ حاصل کرنا لازم ہے۔

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*