دہلی سے نوئیڈا کے درمیان سفر کرنے والوں میں کشمکش کی صورتحال

نئی دہلی:ملک میں لاک ڈاؤن کا چوتھا مرحلہ آج سے شروع ہو گیا ہے۔ان سب کے درمیان دہلی سے نوئیڈا اور نوئیڈا سے دہلی آنے جانے والے لوگوں کے درمیان کشمکش کی صورتحال ہے۔جو دہلی / این سی آر میں رہتے ہیں اور کام نوئیڈا میں کرتے ہیں ان کو نوئیڈا آنے میں کافی پریشانیوںکا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ نوئیڈا انتظامیہ کے حکم کے مطابق وہی لوگ نوئیڈا میں آ سکتے ہیں جن کے پاس انتظامیہ سے اجازت یا پاس ملا ہے۔باقی لوگوں کو نوئیڈا میں آنے کی اجازت نہیں ہے۔اسی وجہ سے بڑی تعداد میں دہلی سے نوئیڈا آنے والے لوگوں کو واپس بھیجا گیا۔لاک ڈاؤن 4 کا آغاز ہوتے ہی دہلی سے نوئیڈا کو جوڑنے والے ڈی این ڈی لمبا جام لگ گیا۔لوگ گھنٹوں جام میں پھنسے رہے۔یہ وہ لوگ تھے جو رہتے دہلی / قومی دارالحکومت علاقہ میں ہیں لیکن کام نوئیڈا میں کرتے ہیں یا نوئیڈا سے کسی کام سے دہلی این سی آر میں گئے تھے اور اب واپس لوٹ رہے تھے۔ حکومت کے حکم کے مطابق فیکٹریریز اور انڈسٹریز کو کھولا جا سکتا ہے لیکن وہاں کام کرنے والے اسٹاف کی تعداد ایک تہائی سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے۔اسی کو ذہن میں رکھتے ہوئے کئی فیکٹری مالکان اور دفاتر نے اپنے اسٹاف کو کام پر بلا لیا۔ اس میں بڑی تعداد میں وہ لوگ تھے جو قومی دارالحکومت علاقہ کے الگ الگ علاقوںمیں رہتے ہیں۔ادارے کے حکم کے مطابق کام کرنے والے اپنے گھروں سے نکل گئے لیکن جیسے ہی وہ نوئیڈا میں داخل ہونے کے لئے ڈی این ڈی پر پہنچے تو وہاں پر پہلے لمبا جام ملا اور بعد میں اس میں سے زیادہ تر لوگوں کو واپس دہلی جانے کو بول دیا گیا کیونکہ ان کے پاس نوئیڈا انتظامیہ کی طرف سے جاری کیا گیا پاس نہیں تھا۔