دہلی پولیس بی جے پی کے اشاروں پر کام کررہی ہے تو انصاف کیسے ملے گا؟ضمنی چارج شیٹ اورگرفتاری پرسنجے سنگھ کاردِعمل

نئی دہلی:دہلی فسادات کی چارج شیٹ میں لیڈران کے ناموں پرعام آدمی پارٹی نے سخت رد عمل کااظہارکیاہے۔ ’آپ‘ کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے لیڈروں کے نام اور عمر خالد کی گرفتاری کے بارے میں کہاہے کہ وہ سڑک سے پارلیمنٹ تک کہہ چکے ہیں کہ دہلی میں بی جے پی لیڈران نے فساد کرایا، انہیں گرفتار کیا جائے۔واضح ہوکہ دہلی کے فسادات میں دہلی پولیس نے اپنی اضافی چارج شیٹ میں سی پی ایم رہنما سیتارام یچوری ، ماہر معاشیات جیتی گھوش ، فلمساز راہل رائے ، پروفیسر اپوروانند کونامزدکیا ہے۔ اس کے بعددہلی پولیس نے جے این یو کے سابق طالب علم رہنما عمر خالد کو یو اے پی اے کے تحت گرفتار کیا۔’آپ‘ کے راجیہ سبھارکن سنجے سنگھ نے کہا کہ میں نے سڑک سے پارلیمنٹ تک کہاہے کہ دہلی کے بی جے پی لیڈران نے فساد کروایا ، انہیں گرفتار کیا جانا چاہیے کیونکہ اگر پولیس بی جے پی کی ہے تو انصاف کیسے ہوگا؟دہلی پولیس وزارت داخلہ کے تحت کام کرتی ہے اور اسی کے حکم کے مطابق عمل کررہی ہے۔